بی ایس این ایل دیہی فون کیلئے 1250 کروڑ روپئے کی سبسیڈی

مجاہدین آزادی کے وظائف میں بھی اضافہ، جہاز رانی وزارت کی تجاویز منظور، مرکزی کابینہ کا اجلاس
نئی دہلی 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ نے آج طویل مدت سے زیرالتواء پبلک سیکٹر ٹیلی کام کمپنی بی ایس این ایل کے لئے دیہی لینڈ لائن کنکشنس کے حق میں 1250 کروڑ روپئے کے سبسیڈی کو منظوری دی ہے۔ یکم اپریل 2002 ء سے قبل جو لینڈ لائن کنکشنس دیئے گئے اِن پر اِس سبسیڈی کا اطلاق ہوگا۔ انڈین ٹیلی گراف رولس 1951 ء میں ترمیم کے بعد سرکاری طور پر چلائی جانے والی فرم کو سبسیڈی دی جائے گی۔ حکومت کے پرنسپال ترجمان فرنک نورنہا نے کہاکہ کابینہ نے بی ایس این ایل کی جانب سے خسارے کی پابجائی کرنے کے لئے معاوضہ کو منظوری دی ہے۔ بی ایس این ایل سبسیڈیز کے ذریعہ وہ اپنے تمام صارفین کو راحت فراہم کرے گا جو یکم اپریل 2002 ء سے قبل کنکشنس حاصل کئے ہیں۔ ٹیلی کام آپریٹرس نے حکومت سے کہا تھا کہ اسے دیہی وائر لائن کنکشنس کے لئے 2 ہزار کروڑ روپئے فراہم کئے جائیں۔

بی ایس این ایل کے پیش کردہ تجاویز کی بنیاد پر ہی مرکزی کابینہ نے یہ سبسیڈی رقم جاری کی ہے۔ مرکزی کابینہ نے وزارت جہاز رانی کی تجاویز کو منظور کیا ہے جس کے تحت موجودہ قوانین سے مربوط عدالتوں کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی۔ سمندری راستوں کے ذریعہ کی جانے والی غیر قانونی تجارت کے دوران گرفتار اور دیگر افراد کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے کابینہ نے منظوری دی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں وزارت جہاز رانی نے بحری تنازعات کی یکسوئی کے عدالتی دائرہ کار بِل 2016 میں ترمیم کرنے اور سمندری راستوں کے موقف کو واضح کرنے کی درخواست کی تھی۔ ہندوستان ایک سرکردہ بحری تجارت کا ملک ہے اور بحری راستوں سے اِس کے ٹرانسپورٹیشن خدمات 95 فیصد تک پہونچ گئے ہیں۔

مرکزی کابینہ نے مجاہدین آزادی کے وظائف میں بھی اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ مجاہدین آزادی اور اِن کے ورثاء کو 20 فیصد اضافی وظیفہ حاصل ہوگا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس سال اپنی یوم آزادی تقریر میں کہا تھا کہ حکومت مجاہدین آزادی کے وظائف میں اضافہ کرے گی۔ وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ مجاہدین آزادی اور اُن کے ورثاء کے لئے 20 فیصد کی بنیاد اضافی وظیفہ دیا جائے گا۔ اِس میں مہنگائی بھتہ بھی شامل کیا جائے گا۔ اِس تجویز کو وزیر فینانس کی توثیق کے بعد منظوری دی گئی ہے۔ مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہاکہ وزیراعظم کی یوم آزادی تقریر کے مطابق ہی مجاہدین آزادی کے حق میں فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجاہدین آزادی کو اِس وقت 25 ہزار روپئے ماہانہ وظیفہ حاصل ہورہا ہے اور اب نئے اضافہ کے ساتھ انھیں ماہانہ 30 ہزار روپئے وظیفہ ملے گا۔ مرکزی کابینہ نے دیگر اُمور پر بھی موصولہ تجاویز پر غور و خوض کیا  اور انھیں منظوری دے دی ہے۔ مجاہدین آزادی کے وظائف میں اضافہ کا مسئلہ زیرالتواء تھا۔