بدایوں : چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ کے ذریعہ چلائی جارہی آوارہ گھومنے والی گائیوں اور جانوروں کو گاؤشالہ میں بھیجنے کی غیر منصوبہ اور بے ضابطے مہم کو اس وقت جھٹکا لگا جب بوایوں ضلع کے بلسی میں گائیوں کیلئے بنائے گئی عارضی گاؤشالہ سے نکل کر بھاگنے والے بیل نے ایک ۱۲؍ سالہ بچہ کو مار مار ہلاک کردیا ۔
برہم خاندان والوں نے نگر پالیکا انتظامیہ پر الزام لگاتے ہوئے بطوراحتجاج نعش کواٹھانے نہیں دیا اور زبردست نعرہ بازی کی ۔ ڈپٹی کلکٹر لال بہادر سنگھ نے آج کہا کہ بلسی پولیس اسٹیشن کے وارڈ ک نمبر ۳ میں ریاستی حکومت کے حکم کے بعد پالیکا انتظامیہ نے آوارہ گھومنے والی گائیوں اوردیگر جانورو ں کوبند کرنے کیلئے پانی کی ٹانکی کے احاطہ میں عارضی گاؤشالہ بنایا ہے ۔ اس عارضی گاؤشالہ میں تقریبا ۱۵؍آوارہ جانوروں کو بند کر کے رکھاگیا تھا ۔ کل رات گاؤشالہ میں بند ایک بیل اچانک بھاگ نکلا اور سڑک سے گذرنے والے ۱۲؍سالہ دھرم ویر کو سینگو ں پر اٹھالیا اور اسے تب تک پٹختا رہا جب تک اس کی جان نہیں چلی جاتی۔ اس کے بعد لڑکے کے خاندان والوں نے زبردست احتجاج کیا او رانتظامیہ کے خلاف خوب نعرہ بازی کی ۔
حالا ت کی پیش نظر فورس کو تعینات کیا گیا ۔ ایس ڈی ایم بلسی نے کہا کہ متاثرہ خاندان والوں کو معاوضہ کیلئے سفارش کی گئی ہے ۔