بیلٹ پیپر سے پولنگ کا مطالبہ مسترد ، جدید ترین وی وی پیٹ او رای وی ایم تھری مشینوں سے پولنگ کا فیصلہ 

نئی دہلی : چیف الیکشن اوم پرکاش راوت نے سیاسی جماعتوں کے ذریعہ بیلٹ پیپر سے پولنگ کروانے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ غیر جانبدارانہ او رشفاف الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن نے ملک میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پہلی مرتبہ جدید ترین وی وی پیٹ او رای وی ایم تھری مشینوں سے پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

راجستھان میں اپنے دوروزہ قیام کے دوران کمیشن کی مکمل بنچ کے ساتھ جئے پورآئے مسٹر راوت نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر جانبدارانہ او ر شفاف انتخابات کے تحت پولنگ کے دوران سیلفی لینے کے ساتھ ہی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی طرح کے ذرائع کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ کمیشن نے ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشینوں کی جانچ مکمل کرلی ہے او راس میں کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جاسکتی ۔

راوت نے کہا کہ کمیشن نے اس پر اعتراض کرنے والے تنظیموں کو دو مرتبہ چیلنج کیا لیکن کوئی بھی جماعت اس سلسلہ میں اپنی بات ثابت نہیں کرپائی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلی مرتبہ بے خو ف اورغیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے سٹیزن ویجی لنس نظم نافذ کیا ہے ۔جس کے تحت کسی بھی پولنگ مرکز پرہونے والی کسی بھی بد نظمی کی ویڈیو اپ لوڈ کر کے بھیجی جائے گی تو کمیشن اس پر سخت نوٹ لے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شکایت کنندہ چاہے گا تو اس کی شناخت بھی پوشیدہ رکھی جائے گی او رایسے ویڈیوز پر اندرون ۲۴؍گھنٹے میں کارروائی کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ اے وی ایم کے ذریعہ ا نتخابات کروائے جانے کی سیاسی جماعتوں کی طرف سے مخالفت اس وجہ سے کی جارہی ہے کہ انتخابات میں اس کے استعمال سے سیاسی رہنما مطمئن نہیں ہیں اور ہمیشہ اس کیخلاف آواز بلند کرتے رہے ہیں ۔