ایران کے میزائل تجربہ کے بعد امریکی عسکری پالیسی میں تبدیلی نہیں: پنٹاگون
واشنگٹن، 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلائن نے آج کہا کہ امریکہ نے ایران کے بیلسٹک میزائل کے تجربہ کو ’علاقائی عدم استحکام کی سرگرمی‘ قرار دیتے ہوئے باضابطہ نوٹس جاری کی ہے ۔ مسٹر فلائن نے اس سلسلے میں تفصیلات کا انکشاف نہ کرتے ہوئے وہائٹ ہاؤس بریفنگ میں کہا کہ ’’آج ہم سرکاری طور پر ایران کو نوٹس جاری کر رہے ہیں‘‘۔ مسٹر فلائن نے کہا کہ ایران بیلسٹک میزائل تجربہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار لے جانے کے قابل کسی بھی میزائل کا تجربہ نہیں کر سکتا۔دریں اثناء امریکہ نے ایران کی طرف سے اتوار کو بیلسٹک میزائل کے تجربہ کے رد عمل کے طورپر امریکی فوجی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے ۔ پنٹاگون کے ترجمان نے اس بارے میں وضاحت کی۔ پنٹاگون کے ترجمان کرسٹوفر شیرووڈ نے اس سلسلے میں کوئی دوسری تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سینئر قومی سلامتی مشیر نے ایران کے بیلسٹک میزائل تجربہ کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ہم نے تجربہ کو اشتعال انگیز کارروائی قرار دیتے ہوئے ایران کو سرکاری نوٹس جاری کردی ہے‘‘۔