پٹنہ ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے ضلع سرسا میں ایک چھوٹے گاؤں بختیار پور کی لڑکی طیبہ پروین جس نے آئی اے ایس بننے کا خواب سجا رکھا ہے، انٹرمیڈیٹ آف آرٹس کے امتحان میں چوتھا مقام حاصل کیا ہے۔ جبکہ 28 مئی کو بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ نے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ اس ہونہار طالبہ کے والد دہلی میں ٹیلر ہیں اور والدہ ، آشا ورکر کی حیثیت سے کام کرتی ہے اور وہ بچپن سے ہی ذہین و فطین ہے۔ طیبہ نے ابتدائی تعلیم فقیر تولہ گاؤں اور ثانوی تعلیم پراٹیکٹ کنیا ہائی اسکول اسمری بختیارپور سے حاصل کی ہے۔ اپنی لڑکی کی کامیابی پر والدہ خوشی سے سرشار ہے لیکن اس کے والد اس خوشی میں شامل نہیں ہوسکے کیوں کہ وہ اپنے آبائی گاؤں سے دور دہلی میں مقیم ہیں۔ تاہم تمام دیہاتیوں نے طالبہ کے مکان پہنچ کر کامیابی کی مبارکباد پیش کی کیوں کہ یہ تمام دیہات کے لئے باعث افتخار ہے۔ طیبہ پروین کا یہ خواب ہے کہ آئی اے ایس عہدیدار بنوں اور یہ ایقان ظاہر کیا ہے کہ ایک نہ ایک دن خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گی۔ پرنسپال ڈی سی کالج جہاں سے طیبہ امتحانات میں شریک ہوئیں، کہاکہ یہ کالج کے لئے ایک اعزاز ہے۔