بھگوا دہشت گردوں کے خلاف جمعیۃ العلماء ہائی کورٹ جائے گی

نئی دہلی : مکہ مسجد دھماکہ کے معاملہ میں سوامی اسیما نند سمیت باعزت بری ہونے والے سبھی مجرمین کے خلاف جمعےۃالعلماء ہند اب عدالت عالیہ کا دروازہ کھٹکھٹائے گی تاکہ قصور واروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جا سکے۔

صدر جمعیۃ العلماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی صدارت میں یہاں کفایت اللہ میٹنگ ہال میں منعقدہ جمعےۃ علماء ہند کے اجلاس میں مکہ مسجد عدالت کے معاملہ میں قومی تفتیشی ایجنسی کی خصوصی عدالت کے فیصلہ پر پیش کی گئی تجویز پر اتفاق رائے سے مذکورہ بالا فیصلہ لیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ بے گناہوں کی رہائی اور قصور واروں کیفر کردار تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے اور اسی لئے ہم نے فیصلہ لیا ہے کہ ہم خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف بڑی عدالت جائیں گے۔مولانامدنی نے کہا کہ ملک کے حالات تقسیم کے وقت سے بھی بد تر اور خطرناک ہو چکے ہیں۔

انھوں نے مکہ مسجد کے معاملہ میں مجرمین کے باعزت بری ہونے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا او رکہا کہ اس کا اشارہ تو اس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ہی مل گیا تھا ۔مولانا مدنی نے کہا کہ اب جو مکہ مسجد معاملہ میں تازہ فیصلہ آیا ہے اس نے یہ ثابت کردیا ہے کہ قانو ن و انصاف کو بھی متاثر کرنے کی حکمت عملی کو عام کردیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان حالات سے ہم ہی نہیں ملک کا تمام انصاف پسند طبقہ بھی مایوس اور حیران اور ششدر ہے کہ آخر یہ ملک کو کس راہ پر لے جانے کی کوشش ہورہی ہے۔

مولانا مدنی نے کہا کہ مسلمانوں کو اکسانے اور اشتعال پیداکرنے کی سازش بھی درپردہ ہورہی ہے اور یہ سازشیں اتنی خوبصورتی سے انجام دی جارہی ہے کہ مسلمان نادانستہ طور پر تخریبی طاقتوں کے بہکاوے میں آجاتے ہیں ۔ اس لئے ہمیں ہمہ وقت ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔بالخصوص ملت کے نوجوان ان کے نشانے پر ہیں ۔اس لئے ہمیں چاہئے کہ ہم نوجوانوں کی ذہن سازی کریں ۔