حیدرآباد ۔ /28 اگست (سیاست نیوز) سعیدآباد کے بچوں کی جیل سے اندرون 48 گھنٹے 17 کم عمر قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس کے بموجب کل رات دیر گئے بعض کم عمر بچوں نے جیل کی دیوار سے چھلانگ لگاکر راہ فرار اختیار کی ۔ جبکہ کل رات دیر گئے باتھ روم کے وینٹی لیٹرس کے ذریعہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ اس بات کا پتہ چلنے پر جونیل ہوم کے حکام نے پولیس سعیدآباد سے شکایت درج کروائی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ملک پیٹ مسٹر نرسنگ راؤ نے کہا کہ
مفرور کم عمر ملزمین میں دو کا پتہ لگایا جاسکا ہے اور انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرار ہونے والے کم عمر بچوں کی عمر 16 سال ہے اور ان کا تعلق ضلع رنگاریڈی سے بتایا گیا ہے ۔ فرار ہونے والے کم عمر ملزمین میں ایک قتل کیس کا سزاء یافتہ قیدی ہے جبکہ دیگر سرقہ اور چھوٹے موٹے وارداتوں میں ملوث ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ فرار ہونے والے کم عمر قیدیوں کی تلاش کیلئے پولیس نے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور ان کا پتہ لگانے کیلئے کوشش جاری ہے ۔ پولیس نے علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی ہے جس میں بچوں کے فرار ہونے کے مناظر پائے گئے۔