بِھلائی اسٹیل پلانٹ میں دھماکہ، 9 ہلاک، 14 زخمی

مرمت کے دوران گیس پائپ لائن میں آتشزدگی کے سبب حادثہ
رائے پور 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گرھ کے ضلع درگ میں سرکاری ادارہ اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیا (سیل) کے بِھلائی اسٹیل پلانٹ میں آج ایک دھماکہ کے سبب کم سے کم 9 افراد ہلاک اور دیگر 14 زخمی ہوگئے۔ انسپکٹر جنرل پولیس (درگ رینج) جی پی سنگھ نے پی ٹی آئی سے کہاکہ بِھلائی ٹاؤن میں اِس اسٹیل پلانٹ کے کوک اوون سیکشن کو مربوط کرنے والی گیس پائپ لائن میں 10.30 بجے دن یہ دھماکہ ہوا۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’کم سے کم 9 افراد زندہ جھلس کر خاکستر اور دیگر 14 زخمی ہوگئے۔ جن میں اکثر کی حالت تشویشناک ہے‘‘۔ سیل نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ’’سیل کے بِھلائی اسٹیل پلانٹ میں آج 10.30 بجے پیش آئے ایک بدبختانہ واقعہ میں کوک اوون بیٹری کامپلکس نمبر 11 کی ایک گیس پائپ لائن میں مقررہ معمول کے مرمتی کام کے دوران آگ بھڑک اُٹھی تھی‘‘۔ ’’جہاں کام میں مصروف چند افراد جھلس گئے۔ تاحال 9 افراد جان سے محروم ہوگئے اور دیگر 14 زیرعلاج ہیں‘‘۔ جی پی سنگھ نے مزید کہاکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زائداز 24 ملازمین اُس مقام پر کام کررہے تھے جہاں یہ حادثہ پیش آیا۔ اس مقام پر کام کرنے والے چند افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر طبی امداد رسانی بِھلائی اسٹیل پلانٹ (بی ایس پی) ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کو مؤثر طبی امداد رسانی کے لئے تمام دستیاب وسائل متحرک کردیئے گئے ہیں۔ ’’سیل اِن تمام متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہے اور یقین دلاتے ہیں کہ ہر قسم کی مدد و اعانت کی فراہمی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھا جائے گا‘‘۔ وزیر فولاد چودھری بیریندر سنگھ نے کہاکہ ’’بِھلائی اسٹیل پلانٹ (بی ایس پی) کے کوک اوون میں ہونے والے دھماکے کی مجھے ابتدائی معلومات موصول ہوئی ہیں۔ حکام سے مزید اطلاعات کی فراہمی کے لئے کہا ہوں‘‘۔ مملکتی وزیر فولاد وشنو دیو سائی، معتمد فولاد بینوئے کمار اور اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیا (سیل) کے چیرمین انیل چودھری بِھلائی روانہ ہوگئے ہیں۔