بنگلورو میں نئی کرنسی میں 4 کروڑ روپئے کی نقدی ضبط

محکمہ انکم ٹیکس کی بڑی کارروائی، چند گولڈ بسکٹ بھی قرق، پرانی کرنسی کو نئی کرنسی میں تبدیل کرنے کی کوشش

نئی دہلی۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نئی کرنسی کی ضبطیوں کی ایک بڑی کارروائی میں محکمہ انکم ٹیکس نے آج بنگلورو میں کم از کم دو افراد کے خلاف تلاشی مہم میں زائد از 4 کروڑ روپئے قرق کرلیئے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ ایک انجینئر اور ایک کنٹراکٹر کے مقامات پر تلاشی مہم چلائی گئی۔ محکمہ کے عہدیداروں نے زائد از 4 کروڑ روپئے کی نئی کرنسی ضبط کی جس میں زیادہ تر 2000 روپئے کے نوٹ ہیں۔ بعض کرنسی نوٹ 100 روپئے کی قدر والے اور بعض منسوخ شدہ 500 روپئے کے نوٹ اور چند گولڈ بسکٹ بھی ضبط کئے گئے۔ 2000 روپئے کی نوٹوں کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے۔ اس کی نقدی زائد از 4 کروڑ روپئے کی ہوتی ہے۔ ضبط شدہ کرنسی کی گنتی تادم تحریر جاری تھی۔ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ نئی کرنسی کی یہ سب سے بڑی ضبطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض انٹری آپریٹرس اور بینکرس پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمہ کو تلاشی کے نتیجہ میں مختلف افراد کے متعدد شناختی کارڈس بھی دستیاب ہوئے ہیں، جو ہوسکتا ہے پرانی کرنسی کو نئی نوٹوں کے ساتھ غیر قانونی طور پر بدلنے کے لئے استعمال کیا گیا ہے۔