لکھنو ، 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی پر دو یوم میں دوسری مرتبہ طنز کرتے ہوئے راہول گاندھی نے آج کہا کہ اُن کے وعدہ کے مطابق بلٹ ٹرینوں کیلئے ٹکٹس کی قیمت 10,000 روپئے سے کچھ کم نہ ہوگی اور اس میں ’’صرف مودی جی اور اُن کے سوٹ بوٹ والے احباب‘‘ ہی سفر کریں گے۔ کانگریس لیڈر نے کل بھی 2014ء لوک سبھا چناؤ کے بی جے پی نعرہ ’’ہر ہر مودی‘‘ پر چوٹ کرتے ہوئے ’’اَرہر مودی، ارہر مودی‘‘ کہا تھا۔ راہول نے آئندہ سال مقررہ اسمبلی چناؤ والی ریاست یو پی میں پارٹی کا انتخابی بگل عملاً بجاتے ہوئے شیلا ڈکشٹ کی وزارت اعلیٰ امیدوار نامزدگی کا دفاع کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس کی بنیاد اُن کا ’’تجربہ‘‘ ہے اور یہ کہ عمر سے کہیں زیادہ اہمیت سوچ و فکر کی ہے۔ دہلی کے لوگ اب ڈکشٹ اقتدار کو یاد کررہے ہیں۔