حملہ آوروں کی سیاسی وابستگی کا پتہ چلایا جائے ‘ سی پی ایم کا مطالبہ
نئی دہلی 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی ایم کے ایک وفد نے آج اس مسلم نوجوان کے افراد خاندان سے ملاقات کی جس کو ہندو شر پسندوں نے ایک ٹرین میں چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا تھا ۔ یہ واقعہ کل ہریانہ میں بلبھ گڑھ کے پاس پیش آیا تھا ۔ سی پی ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کیا جائے ۔ وفد نے پولیس سے کہا کہ وہ اس حملہ میں ملوث افراد کی سیاسی وابستگیوں کا جائمہ لے ۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ملزمین اتنی بڑی کارروائی کی جرات نہیں کرتے اگر انہیں سیاسی سرپرستی حاصل نہ رہتی ۔ واضح رہے کہ ہریانہ میں بی جے پی کی حکومت ہے ۔ سی پی ایم پولیٹ بیورو ارکان محمد سلیم اور برندا کارت نے متاثرہ خاندان کے گھر کا ورہ کیا اور مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کے کسی بھی نمائندے نے اس واقعہ پر کوئی بیان تک جاری نہیں کیا ہے اور نہ ہی نوجوان کے افراد خاندان سے ملاقات کی ہے ۔ کرت نے کہا کہ ہم اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ متاثرہ خاندان کو معاوضہ کی اجرائی کو یقینی بنائے اور اس روٹ پر چلنے والی تمام لوکل ٹرینوں میں سکیوریٹی کو بہتر بنایا جائے ۔ کہا گیا ہے کہ اس روٹ پر اکثر و بیشتر مسلمانوں کو ہراساں کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ یکا دوکا ہونے والا واقعہ نہیں ہے اور یہ در اصل سنگھ پریوار کی جانب سے چلائی جانے والی نفرت انگیز مہم کا نتیجہ ہے ۔ ضروری ہے کہ حملہ آوروں کی سیاسی وابستگی کا پتہ چلایا جائے تاکہ حقیقت کا پتہ چلے ۔