نئی دہلی : ہندوستان میں آئندہ سال بڑی تعداد میں خواتین بغیر محرم کے سفر حج پر روانہ ہوں گی ۔ تاحال تقریبا دوہزار خواتین نے بغیر محرم کے حج پر جانے کیلئے درخواستیں دی ہیں ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور مسٹر مختار عباس نقوی نے دہلی میں حج سے منسلک مختلف نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔
اس موقع پر عباس نقوی نے کہا کہ سال ۲۰۱۸ ء میں پہلی مرتبہ مرکزی حکومت نے مسلم خواتین کو بغیر محرم حج پر جانے کی اجازت دی ۔ اس سے استفادہ کرتے ہوئے تقریبا ۱۳۰۰؍ خواتین نے بغیر محرم کے سفر حج پر گئی تھیں ۔ اور اس وقت پہلی مرتبہ خاتون خادم الحجاج کو مقرر کیاگیا تھا ۔ مختار عباس نے کہا کہ حج عمل کو مکمل طور پر آن لائن بنایا جارہا ہے ۔ ۲۰۱۹ ء میں تقریبا ایک لاکھ ۳۷ ؍ ہزار آن لائن درخواستیں موصول ہوئیں ہیں ۔ خانگی ٹور آپریٹرس کیلئے آن لائن پورٹل شروع کیاگیا ہے ۔ واضح رہے کہ حج کے درخواست کی آخری تاریخ ۱۲؍ دسمبر ہے ۔