ہوٹلوں اور دیگر تجارتی اداروں میں صاف صفائی کا کام کرتے ہوئے کانگریس کی بیداری مہم
حیدرآباد ۔ /26 اپریل (سیاست نیوز) مسلمانوں بالخوص نوجوان نسل کا مستقبل مسلم تحفظات پر انحصار ہونے کا دعوی، کرتے ہوئے کانگریس کے قائدین نے آج چارمینار کے دامن میں 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے انوکھا احتجاج کیا ۔ ہوٹلوں میں خود صفائی کرتے ہوئے بچوں کے ہاتھ میں کام نہیں قلم دینے اور تحفظات کے ذریعہ ملازمتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ چارمینار کے دامن میں کانگریس قائد سابق کارپوریٹر محمد غوث کے علاوہ دوسروں نے صفائی کام میں حصہ لیا اور عوام میں چائے تقسیم کی ۔ صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل کی قیادت میں سابق کارپوریٹر مسٹر محمد غوث نے 12 فیصد مسلم تحفظات دستخطی مہم کا اہتمام کیا ۔ اس دستخطی مہم کی اسمبلی حلقہ پرگی کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر ٹی رام موہن ریڈی تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کوکونیر مسٹر وینکٹ ریڈی اور ایس سی ایس ٹی بی سی میناریٹی فورم کے صدرنشین مسٹر ثناء اللہ نے اس پروگرام میں شرکت کی اور 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے اپنی بھرپور تائید کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر راج موہن ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے ساری ریاست تلنگانہ میں 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک چلاتے ہوئے عوام میں شعور بیدار کیا جارہا ہے اور حکومت پر دباؤ بنایا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے 4 ماہ میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ 23 ماہ گزرنے کے باوجود مسلمانوں سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نشانہ مختص کرتے ہوئے 15 دن میں 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے 10 لاکھ دستخطیں حاصل کی گئی ہے ۔ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کوکونیر مسٹر وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرنشین پروفیسر کوڈنڈا رام ریڈی کی نمائندے کی حیثیت سے اس پروگرام میں شریک ہوئے ہیں اور تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی 12 فیصد تحفظات تحریک کی بھرپور تائید کرتی ہے ۔ (سلسلہ صفحہ 8 پر)