ناگپور میں میزائیل بنانے والے مرکز کے قریب دھاوے ، ایرو اسپیس انجینئر نشانت اگروال سے پوچھ گچھ
نئی دہلی ۔ 8 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) دفاعی ادارہ برائے تحقیق و ترقی ( ڈی آر ڈی او ) کے ایک ملازم کو نیوکلیئر صلاحیت کے حامل برھموس کروز میزائیل کے بارے میں حساس معلومات کے افشاء کے شبہ پر آج گرفتار کرلیا گیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اُترپردیش انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) مہاراشٹرا اے ٹی ایس اور ملٹری انٹلیجنس کی مشترکہ کارروائی میں مہاراشٹرا کے ناگپور سے ایک شخص کو گرفتار کیاگیا جس کی شناخت نشانت اگروال کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ اگروال گزشتہ چار سال سے ناگپور کے قریب برہموس میزائیل تیار کرنے والے مرکز میں ملازم تھا ۔ اگروال پر شبہ کیا جارہاہے کہ وہ برھموس میزائیل سسٹم کے بارے میں پاکستانی اداروں کو حساس معلومات اور تکنیکی تفصیلات کا افشاء کررہا تھا۔ پاکستان کیلئے اس مبینہ جاسوسی کو بے نقاب کرنے کیلئے دھاوے کئی گھنٹوں تک جاری رہے ۔ برھموس ایک اوسط فاصلاتی سوپر سونک کروز میزائیل ہے جو آبدوز سمندری کشتیوں ، ہوائی جہازوں اور زمین کی سطح سے داغا جاسکتا ہے ۔ یہ دنیا کی ایک تیز رفتار ترین میزائیل بھی ہے جو روسی وفاق کے ادارہ این پی او مشینو سترونیا اور ہندوستانی ادارہ برائے دفاعی تحقیق و ترقی ( ڈی آر ڈی او) کے مشترکہ پروگرام کے تحت بنایا جاتا ہے ۔ ذرائع نے کہاکہ نشانت اگروال سے ملٹری انٹلیجنس اور دیگر اداروں کے عہدیداروں نے ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ نشانت اگروال نے جو برھموس ایرو اسپیس یونٹ کا انجینئر ہے واردھا روڈ پر گزشتہ سال سے ایک کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر تھا ۔اس کے مالک مکان منوہر کالے نے کہا کہ پولیس ٹیم آج صبح 5:30 بجے اس کے گھر پہونچی تھی اور 5 بجے شام تک موجود تھی ۔ کالے نے کہاکہ اگروال کا تعلق رورکی سے تھا اور دو ماہ قبل ہی اس کی شادی ہوئی تھی اور وہ اپنی بیوی کے ساتھ اس گھر میں مقیم تھا ، اُس نے مکان کرایہ پر حاصل کرنے سے قبل آدھار کارڈ کی نقل اور اپنے آجر کاصداقتنامہ حوالے کیا تھا ۔