برہان وانی ’’نوجوان لیڈر‘‘ نئی انتفادہ کی علامت ، کشمیری عوام کی بھرپورتائید :نواز شریف

اقوام متحدہ ۔ /21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ میں کشمیر کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے مہلوک حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کو ’’نوجوان لیڈر‘‘ قرار دیا اورتعریف کی اور انہوں نے تمام باہمی تنازعات بالخصوص جموں و کشمیر کی پرامن یکسوئی کیلئے ہندوستان کے ساتھ سنجیدہ اور نتیجہ خیز بات چیت کیلئے آمادگی کا اظہار کیا ۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سیشن میں اپنی 20 منٹ کی تقریر کا زیادہ وقت انہوں نے کشمیر اور وادی کی موجودہ صورتحال پر صرف کیا ۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے مطالبہ کی بھرپور تائید کرتا ہے ۔ انہوں نے کشمیر میں دستور کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کی گئی ہلاکتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کا حقائق کا پتہ چلانے والا مشن کشمیر کا دورہ کرے تاکہ ان مظالم کے ذمہ داروں کو سزا دی جاسکے ۔ نواز شریف نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کی یکسوئی تک ہندوستان اور پاکستان کے مابین امن اور عام حالات بحال نہیں ہوسکتے ۔

انہوں نے وادی میں موجودہ بدامنی کے تعلق سے کئی الزامات عائد کئے ۔ ہندوستان نے اس بدامنی کیلئے پاکستان کو مورد الزام قرار دیا ہے ۔ کشمیر کی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے برہان وانی کو جسے سکیورٹی فورسیس نے /8 جولائی کو انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا تھا ’’نوجوان لیڈر‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ نئی کشمیری انتفادہ کی علامت بن کر ابھرا ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ ہندوستان کے مظالم پوری طرح عیاں ہے اور پاکستان تمام ثبوت سکریٹری جنرل کے حوالے کرے گا ۔ سلامتی کونسل نے جموں و کشمیر کی عوام کو استصواب عامہ کے ذریعہ فیصلہ کرنے کا حق دیا ہے ۔ کشمیر کے عوام 70 سال سے اس وعدہ پر عمل آوری کا انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کو خود اپنے عہد کا پاس و لحاظ رکھنا ہوگا ۔ ہندوستان کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے دوران نواز شریف نے کہا کہ ہم پڑوسی ملک کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں کیونکہ محاذ آرائی جنوبی ایشیاء میں ہمارا مقصد نہیں ہونا چاہئیے۔