ونڈسر 19 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کے پرنس ہیری اور میگان مارکلے نے قدیم سنٹ جارجس چیاپل میں شادی کرلی ۔ یہ چرچ ونڈسر کیسل میں واقع ہے جہاں یہ جوڑا تقریبا 600 مہمانوں کی موجودگی میں شادی کے بندھن میں بندھ گیا ۔ مہمانوں میں دنیا بھر سے آئے ہوئے لوگ بھی شامل تھے جو اس تاریخی موقع کا حصہ رہے ۔ آرچ بشپ آف کینٹر بری اور اینگلیکن چرچ کے روحانی سربراہ کی نگرانی میں ڈین آف ونڈسر جسٹن ویلبی نے شادی کی رسومات انجام دیں۔ ایک سیاہ فام امریکی بشپ مائیکل بروس کری نے شادی کا خطاب کیا ۔ 33 سالہ پرنس ہیری اور 36 سالہ میگان کا معاشقہ تھا اور اب دونوں ہی شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ یہ جوڑا 1863 کے بعد سے ونڈسر کیسل میں شادی کرنے والا سوالہواں شاہی جوڑا بن گیا ہے ۔ جب میگان پرنس چارلس کے ساتھ چرچ میں داخل ہوئیں پرنس ہیری مسکرا رہے تھے ۔ میگان کے والد نے اس شادی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعدپرنس چارلس نے یہ رول نبھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میگان کے والد خرابی صحت کی وجہ سے اس تقریب میں شرکت کرنے سے قاصر تھے ۔ 69 سالہ پرنس چارلس اس سے قبل بھی اپنے قریبی دوست کے دختر کی شادی میں یہ رول نبھا چکے تھے ۔ نوبیاہتا شاہی جوڑا روایتی گھوڑا گاڑی میں ونڈسر کے سٹی سنٹر کا دورہ بھی کریگا ۔ پرنس ہیری کی بھتیجی تین سالہ پرنسیس چارلیٹ ان کمسن لڑکیوں میں شامل تھیں جنہیں برائڈس میڈ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا ۔ اس شاہی جوڑے نے اپنی شادی کیلئے قدیم روایات کو ترک کرتے ہوئے عصری طریقہ کار اختیار کیا تھا ۔