لندن ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے آج ایک 27 سالہ شخص کو جو چاقوؤں سے مسلح تھا، دہشت گردی کے الزام میں برطانوی پارلیمنٹ کے قریب گرفتار کرلیا۔ اس طرح ایک دہشت گرد حملہ کی سازش ناکام بنادی گئی۔ مبینہ طور پر یہ شخص کئی چاقو اپنے قبضہ میں رکھے ہوئے تھا۔ جاری تلاشی مہم کے دوران اسے ایک جگہ روک کر تلاشی لی گئی اور پارلیمنٹ اسٹریٹ چوراہے پر گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کارروائی کے وقت وزیراعظم تھریسامے موجود نہیں تھیں۔ انہیں اس واقعہ کی اطلاع دی گئی اور انہوں نے کہا کہ اس سے ہمارے محکمہ خفیہ کی چوکسی کا ثبوت ملتا ہے اور ہم سب خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ یہ مسلم شخص جس کی تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا گیا۔ مبینہ طو رپر دہشت گرد حملہ کی سازش کررہا تھا۔ پورے برطانیہ میں چوکسی میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔