بجرنگ دل کی اسلحہ ٹریننگ کی سوامی اگنی ویش نے شدید مذمت کی ، وزیر اعظم سے مداخلت پر زور

نئی دہلی : آریہ سماج لیڈر او ربندھو مکتی مورچہ کے سربراہ سوامی اگنی ویش نے آرایس ایس کی ذیلی تنظیم بجرنگ دل کے ذریعہ اسلحوں کے استعمال او رجنگ کی ٹریننگ پر سخت تشویش ظاہر کی ہے ۔ا

نھوں نے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت بجرنگ دل کی غیر قانونی او رقابل اعتراض سرگرمیوں کو نظر انداز کررہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ اگر ریاست لو جہاد کو روکنے کیلئے بجرنگ دل کے اسلحہ کی ٹریننگ کے مفروضہ کو تسلیم کر تی ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ملک کے اندر امن قانون کے انتظام میں نااہل ہے ۔

سوامی اگنی ویش نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب مودی کی حکومت میں اقلیتوں کی آزادی او رتحفظ سے سمجھوتہ کیا جاریاہا ہے ایسے میں بجرنگ دل جیسی تنظیموں کا اس طرح کی اشتعال انگیزی کی اجازت ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر اس ہندوستانی کو اس کی مذمت کرنی چاہئے جس کا یقین آئین کے اقدار او راس میں دی گئی ضمانت پر ہے ۔سوامی اگنی ویش نے وزیر اعظم سے اس سلسلہ میں مداخلت کرنے پر زور دیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ سوال یہ نہیں ہے کہ ہندوؤں کو اس بات کی اجازت ہے جو مسلمانوں کو ں نہیں ہے بلکہ غیر ریاستی عناصر کے ذریعہ ملک کے استحکام کو خطرہ سے دچار کیا جارہا ہے۔

سوامی ویش نے تمام شہریو ں سے اپیل کی ہے کہ وہ بجرنگ دل کی اس سرگرمیو ں کے خلاف متحد ہوجائیں او رمرکزی حکومت پر آئینی ذمہ داریوں کو ادائیگی کے لئے دباؤ ڈالیں ۔