باہوبلی 2 کی ریکارڈ اوپننگ، پہلے دن 100 کروڑ کی کمائی

نئی دہلی 29اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی سنیما کی شاندار فلموں میں شامل ’باہوبلی 2 ‘ کو باکس آفس پر بمپر اوپننگ ملی ہے اور اندازہ ہے کہ فلم نے پہلے دن 100کروڑ روپے سے  زیادہ کی کامیابی حاصل کرلی ہے ۔فلم کے ہندی ایڈیشن نے بالی ووڈ میں پہلے دن کی کمائی کے ریکارڈ کو اپنے نام کر لیا ہے ۔فلم کاروبار کے تجزیہ کار کومل نہاٹا نے ٹوئٹ کیا کہ فلم کے ہندی ورژن نے پہلے دن باکس آفس پر ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے سلطان 36.54کروڑ روپے اور دنگل 29 کروڑ روپے جیسی معروف فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ باہوبلی ہندی کے علاوہ ٹامل اور تلگو جیسی زبانوں میں بھی ریلیز ہوئی ہے اور تجزیہ کاروں کے مطابق فلم کی پہلے دن کی مجموعی کمائی 105 تا 108کروڑ کے درمیان ہے ۔’باہوبلی 2‘ہندوستانی فلمی تاریخ میں پہلے ہی دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے ۔ امید ہے کہ اس ہفتے کے آخر تک فلم 250 کروڑ تک کی کمائی کر لے گی۔ فلم کے ساتھ ساتھ لوگوں کی سب سے زیادہ دلچسپی یہ جاننے میں تھی کہ کٹپا نے باہوبلی کو کیوں مارا۔