حیدرآباد۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) شہرہ آفاق تلگو فلم ’باہوبلی‘ کی اداکارہ تمنا بھاٹیہ پر ایک نوجوان نے جوتا پھینکا۔ تفصیلات کے بموجب مشہور اداکارہ تمنا جو مالا بار گولڈ جیویلری شوروم کی حمایت نگر برانچ کے افتتاح کیلئے وہاں پہونچی تھی اور مداح سے مخاطب تھی کہ ایک 31 سالہ نوجوان نے اچانک ان پر جوتا پھینک دیا لیکن جوتا انہیں نہیں لگا بلکہ شوروم کے ایک ملازم کو جا لگا۔ اس واقعہ کے بعد وہاں ہلکی سے سنسنی پھیل گئی اور بندوبست پر موجود نارائن گوڑہ پولیس نے اس نوجوان کو فوری حراست میں لے لیا اور اسے پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ تفتیش کے دوران نوجوان نے اپنی شناخت کریم اللہ بتائی جو مشیرآباد کا ساکن ہے اور بی ٹیک گریجویٹ ہے۔ نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ وہ تمنا بھاٹیہ کا مداح ہے اور حالیہ دنوں اداکارہ نے اپنی فلموں سے مداحوں کو مایوس کیا جس کے نتیجہ میں اس نے یہ حرکت کی۔ پولیس نے کریم اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔