بالآخر گجرات اسمبلی انتخابات کے تاریخ کا اعلان ۔ دومرحلوں میں رائے دہی۔ ڈسمبر کے روزنتائج کااعلان

نئی دہلی۔ چہارشنبہ کی دوپہر میں الیکشن کمیشن نے گجرات کے ریاستی انتخابات کا اعلان کیا۔ چیف الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ریاست گجرات میں دومرحلوں میں رائے دہی کرائی جائے گی۔ انہو ں نے کہاکہ پہلے مرحلے کی رائے دہی 9ڈسمبر جبکہ دوسرے مرحلے کی رائے دہی14ڈسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ نتائج کا اعلان 18ڈسمبر کو کیاجائے گا۔گجرات اسمبلی انتخابات کے تاریخ کا اعلان کرنے میں تاخیر کی وجہہ سے الیکشن کمیشن کو تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا‘ باوجود اسکے ہماچل پردیش کے اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کے13دنوں بعد الیکشن کمیشن نے گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ گجرات میں182اراکین پر مشتمل ایوان اسمبلی کی معیاد2018جنوری میں ختم ہورہی ہے۔

اپوزیشن جماعتیں گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے اعلان میں تاخیر پر الیکشن کمیشن کو اپنی شدیدتنقید کا نشانہ بھی بنارہے تھے۔ اپوزیشن جماعتوں کا دعوی تھا کہ مرکزاو رریاست میں برسراقتدار بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے کو گجرات میں انتخابات کے پیش نظر بلند بانگ دعوؤں او راعلانا ت کو الیکشن کمیشن موقع فراہم کررہا ہے۔ گجرات وزیراعظم نریندر مودی کا آبائی گھر بھی ہے۔

پچھلے تیرہ دنوں میں وزیراعظم نریند رمودی نے گجرات کا کئی مرتبہ دورہ کرتے ہوئے وہاں پر ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ہے اور کئی اعلانات بھی کئے ہیں وہیں پر جی ایس ٹی سے گجرات کے مشہور چبینا کو بھی ہٹادیاگیا ہے اسی طرح کسانوں کو راحت‘ میٹرو‘ پٹیلوں کے تحائف جیسے اعلانات بھی ان تیرہ دنوں میں سنائی دئے ہیں۔الیکشن کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی گجرات کے چیف منسٹر وجئے روپانی نے کہاکہ ’’ ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم دوتہائی اکثریت سے الیکشن جیتیں گے‘‘۔

چیف الیکشن کمیشن اے کے جیوتی نے بتایا کہ حساس اور سرحد سے جڑے پولنگ بوتھ پر سی سی ٹی وی کیمروں نصب کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ انہو ں نے بتایا کہ ریاست بھر میں50,128پولنگ بوتھ پر رائے دہی عمل میں ائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ آج سے ہی انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ عمل میںآجائے گا۔انہوں نے مزیدکہاکہ تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے امیدواروں کے علاوہ الیکشن ایجنٹ کو اس پر عمل کرنا ہوگا۔

انہو ں نے بتایا کہ پوری ریاست میں102پولنگ اسٹیشن خواتین کے لئے قائم کئے گئے ہیں۔ اے کے جیوتی نے بتایا کہ وی وی پی اے ٹی کا بھی الیکشن میں استعمال کیاجائے گااو رہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ وی وی پی اے ٹی کا پولنگ اسٹیشن پر کس طر ح تنصیب کیاجانا ہے۔