بارش سے متاثرہ ممبئی دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہوگیا

روڈ اور ریل سرویس بحال، ہلاکتوں کی تعداد 10ہوگئی
ممبئی ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں سیلاب سے متعلقہ واقعات میں ہلاکتوں کی جملہ تعداد آج 10 ہوگئی۔ ممبئی میں مختلف واقعات میں 9 افراد غرق ہوکر اپنی جانیں ضائع کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں متصلہ اضلاع پال گھر اور تھانے میں بھی ایک شخص فوت ہونے کی اطلاع ہے۔ موسلادھار بارش کے سبب گذشتہ روز گھٹنے ٹیک دینے والا شہر ممبئی اپنے جرأتمند اور ثابت قدم شہریوں کے مثالی عزم و حوصلہ کے ساتھ آج روایتی پہچان کے ساتھ دوبارہ کھڑا ہوگیا۔ عروس البلاد کہلائے جانے والا ہندوستانی تجارتی صدر مقام ممبئی گذشتہ روز کئی گھنٹوں کی تباہ کن موسلادھار بارش کے نتیجہ میں جیسے ڈوب گیا تھا۔ اس دوران کم سے کم چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ روڈ، ریل اور فضائی خدمات درہم ہونے کے بعد عام زندگی عملاً مفلوج ہوگئی تھی لیکن آج بارش میں کمی کے ساتھ عام زندگی بھی کسی قدر بحال ہوگئی۔ نیم مضافاتی ٹرین خدمات کی جزوی بحالی کے ساتھ بارش میں پھنسے ہوئے ہزاروں مسافرین اپنے گھر پہنچ گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق علاقہ ممبئی میں بارش کی شدت گذشتہ روز کے مقابلے اگرچہ کسی حد تک کم ہوئی ہے لیکن چند دور دراز کے علاقوں میں مزید موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ ممبئی کے ٹرانسپورٹ نظام کی شہ رگ سمجھی جانے والی نیم مضافاتی ٹرین خدمات جس پر اس شہر کے 65 لاکھ مسافرین انحصار کرتے ہیں، آج صبح سے جزوی طور پر بحال ہوگئی۔ اس کے تینوں لائنوں پر مسافرین کو راحت ملی ہے۔ روڈ ٹریفک جو گذشتہ روز بارش اور سمندری لہروں کے سبب سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوجانے کے بعد درہم برہم ہوگئی تھی، اب دوبارہ بحال ہوچکی ہے۔ تاہم حکومت مہاراشٹرا کے دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے کیونکہ ریاستی حکومت نے احتیاطی تدابیر کے طور پر کل شام ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں واقع تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں کیلئے تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ بحریہ کی جانب سے مختلف مقامات پر متاثرہ عوام کو غذا فراہم کی گئی۔