ایودھیا۔6 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایودھیا کے ٹمپل ٹاؤن میں پجاریوں ، سنتوں اور رام بھگتوں نے خصوصی پوجا کا اہتمام کیا ۔ بابری مسجد شہادت کی 26ویں برسی کے موقع پر ان سنتوں نے ایودھیا میں رام مندر کی عاجلانہ تعمیرکیلئے بھگوان کے آشیرواد کیلئے پوجا کی ۔ بابری مسجد کو 6 ڈسمبر 1992ء میں کارسیکوں نے مسمار کردیا تھا ۔ متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کیلئے بی جے پی اور ہندو تنظیموں کی جانب سے تحریک چلاتے ہوئے مسجد کو شہید کیا گیا تھا ۔ نرموہی اکھاڑا کے مہانت رام داس نے کہا کہ آج کے دن ہم نے یوم شجاعت کے طور پر منایا ہے ،گذشتہ 25سال سے ہم روایتی طور پر اس دن یوم شجاعت مناتے آرہے ہیں۔آج بھی ہم سوریہ دیوس مناتے ہوئے ناکہ ہنومان گڑھی میں آرتھی پوجا کررہے ہیں ۔ ہم اپنی خصوصی پوجا کے ذریعہ بھگوان رام سے اپنے مندر کی تعمیر کیلئے آشیرواد حاصل کریں گے اور بھگوان رام پر زور دیں گے کہ وہ ایک عظیم الشان مندر کی تعمیر میں اُن کی مدد کریں اور اپنا چمتکار دکھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم چاہتے ہیں کہ رام مندر کو جلد سے جلد تعمیرکیا جائے ۔ اسی دوران رام جنم بھومی بابری مسجد ملکیت مقدمہ میں مسلمانوں کے فریق اقبال انصاری نے کہا کہ ایودھیا کے مسلمانوں کی جانب سے آج یوم غم منایا گیا ۔ یہاں پر کسی قسم کا احتجاج کیا گیا اور نہ ہی کوئی روڈ شو کا مظاہر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آخر ہم کب تک یوم غم مناتے رہیں گے ۔ ہم چاہتے ہیںکہ عدالت جلد سے جلد اپنا فیصلہ سنائے اور ہم عدالت کے فیصلہ کی پابندی کریں گے ۔ وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس دن سوریہ دیوس اور وجئے دیوس ( یوم فتح ) کے طور پرمنائیں گے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج کے دن دیوالی کی طرح روشنی کر کے خوشی کا اظہار کریں ۔ مسلم تنظیموں نے ملک بھر میں آج یوم غم اور یوم سیاہ بھی منایا ۔ایودھیا میں سیکورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ، زائد از 2500 پولیس ملازمین کو تعینات کیا گیا تھا ۔اس کے علاوہ ریاپڈایکشن فورس اور سی آر پی ایف کے جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا تھا ۔ متنازعہ مقام کے اطراف اور ہنومان گڑھی علاقہ کے کئی حصوں میں بھی سیکورٹی کو سخت کردیا گیا تھا ۔ فیض آباد کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انیل سنگھ نے کہا کہ ہم جڑواں شہروں فیض آباد اور ایودھیا میں وسیع تر سیکورٹی انتظامات کررہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اترپردیش کیشو پرساد موریا نے کہا کہ بی جے پی نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے فریقین کے درمیان ایک معاہدہ کرانے کو اولین ترجیح دیا ہے ۔انہوں نے اپنی پارٹی کے حلیف شیوسینا پر تنقید کی کیونکہ شیوسینا کے صدر نے کہا تھا کہ رام مورتی جیل میں محروس نہیں رکھا جاسکتا ۔ انہوں نے شیوسینا کے سربراہ اودھا ٹھاکرے پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنے دو روزہ دورہ ایودھیا کے موقع پر ریمارک کیا تھا کہ رام کی مورتی کو ایک کمرہ میں بند کردیا گیا ہے اور یہ جیل کی طرح دکھائی دے رہا ہے ۔