اے پی اور تلنگانہ میں موسلا دھار بارش

حیدرآباد میں صبح کے اوقات اچانک بارش، ٹریفک درہم برہم
حیدرآباد26جولائی(سیاست ڈاٹ کام)دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں آج صبح اچانک بارش سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ۔ کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ شہر حیدرآباد کے کوٹھی ‘ عابڈس ‘ دلسکھ نگر ‘ ایل بی نگر ‘ بنجارہ ہلز ‘ فلم نگر ‘ امیر پیٹ ‘ کوکٹ پلی ‘ ہائی ٹیک سٹی ‘ مہدی پٹنم ‘ راجندر نگر ‘ شمس آباد اور دوسرے علاقوں میں بارش ہوئی جس سے اسکول جانے والے طلبہ اور ملازمتوں کیلئے جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ شہر حیدرآباد میں پانچ سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش کے سبب کئی مقامات پر بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہوگئی تاہم دوپہر کے اوقات میں دھوپ دیکھی گئی ۔ حالیہ چند دنوں کی بارش سے جہاں کسانوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی وہیں زیر زمین آبی سطح میں بھی اضافہ کی اطلاع ملی ہے ۔