ای وی ایم کی کارکردگی میں نقص ، رائے دہندوں اور سیاسی قائدین کو شک

بیالٹ پیپر کے احیاء کا مطالبہ نظر انداز ، الیکشن کمیشن ، وی وی پی اے ٹی سے تصدیق کروانے کوشاں
حیدرآباد۔13ستمبر(سیاست نیوز) دہلی یونیورسٹی انتخابات کے دوران الکٹرانک ووٹنگ مشین میں نقائص کے انکشاف کے بعد EVMایک مرتبہ پھر سے موضوع بحث بن چکی ہے اور الکٹرانک ووٹنگ مشین کی کارکردگی پر شبہات کا اظہار کیا جانے لگا ہے ۔ دہلی یونیورسٹی کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کے دوران ووٹنگ مشین نے 10ویں نمبر پر موجود امیدوار کو ووٹ دئے ہیں جبکہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تعداد 8 اور NOTAکو شامل کرلیا جائے تو جملہ تعداد 9 ہورہی ہے لیکن اس کے باوجود 10ویں نمبر کے امیدوار کو ووٹ جاناباعث حیرت ہے۔ ریاست تلنگانہ میں امکان ہے کہ آئندہ دو یا تین ماہ کے دوران انتخابات کا انعقاد عمل میںلایا جائے گا اور ان انتخابات میں بھی الکٹرانک ووٹنگ مشین ہی استعمال کی جائے گی لیکن سیاسی جماعتوں نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ بیالٹ پیپر نظام کی بحالی کا مطالبہ کیا تھا لیکن الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اس بات کی طمانیت دی تھی کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خامیو ں کو دور کرتے ہوئے انتخابات کے عمل کو صاف و شفاف بنایا جائے گا۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے EVMکے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لئے VVPAT کی سہولت کی فراہمی کا اعلان کیا ہے اور بعض مقامات پر یہ مشین نصب کرتے ہوئے پیپر ٹرائیل کی گنجائش بھی فراہم کی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود الکٹرانک ووٹنگ مشین کی نقائص سے پاک ہونے کی طمانیت حاصل نہیں ہورہی ہے ۔تلنگانہ میں مجوزہ انتخابات میں الکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے نتائج کے متعلق خدشات پیدا ہونے کا بھی امکان ہے ۔شہریوں کو اپنے حق رائے دہی کی حفاظت کیلئے ضروری ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ VVPAT کے ذریعہ اپنے ووٹ کی تصدیق کو بھی ممکن بنائیں کیونکہ الکٹرانک ووٹنگ مشین کے متعلق شبہات کا ازالہ کرنے کا VVPATہی واحد ذریعہ ہے اسی لئے یہ ضروری ہے کہ شہری اپنے حق رائے دہی کو محفوظ اور صحیح استعمال کی توثیق کریں۔ حق رائے دہی کے استعمال کیلئے ضروری ہے کہ فہرست رائے دہندگان میں نام موجود رہے اور جب نام موجود رہے گا تو ہی آپ اپنے ووٹ کا استعمال کرسکتے ہیں اسی لئے عوام میں اس بات کا شعور اجاگر کیا جانا چاہئے تاکہ عوام اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے اپنی مرضی کے نمائندے کو منتخب کرسکیں۔