ایک ہندو راشٹر میرے ملک کو زعفرانی پاکستان بنادے گا : ریٹائیرڈ کمشنر جولیوبیریو

نئی دہلی : دہلی کے ایک آرک بشپ کے ذریعہ ۲۰۱۹ء کے عام انتخابات سے قبل مسیحی برادری سے روزہ او ردعاء کی اپیل پر تنازعہ کے بعد ممبئی پولیس کے سابقہ کمشنر جولیو نے ٹائمز آف انڈیا میں اپنے ایک مضمون میں لکھا کہ ایک ہندو راشٹر میرے ملک کو پاکستان بنادے گا ۔

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے دہلی کے آرک بشپ کو ان کی اس اپیل پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔جولیو اس سے قبل انڈین ایکسپریس کے اپنے ایک مضمون میں یہ لکھ چکے ہیں کہ ایک عیسائی کے طور پر اس ملک میں ان کی زندگی کوخطرہ ہے ۔

انھوں نے اپنے حالیہ مضمون میں لکھا ہے کہ ملک میں ایسے عیسائیوں کی کمی نہیں ہے جو ۸؍مئی کو دہلی کے آرک بشپ کے خط سے قبل بھی بی جے پی کی حکومت کے بارے میں از سر نوغور کرنا چاہتے ہیں ۔

جولیونے مزید لکھا کہ آرک بشپ واحد شہری نہیں ہے جنہوں نے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے بلکہ بے شمار ہندو او راچھے شہری موجود ہیں ۔جولیو نے اخیر میں لکھا ہے کہ وہ ہندو راشٹر میں کسی اعلی عہدے کے بغیر دوسرے درجہ کے شہری بننے کے لئے تیار ہیں لیکن وہ اس غلط طریقہ سے ملک مخالف قرار دئے جانے کے الزام کو قبول نہیں کریں گے ۔

اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیرپی چدمبرم نے ٹوئیٹر پر کہا کہ اگر جولیو کو پریشان ہوکر یہ کہناپڑرہا ہے کہ مجھے دوسرے درجہ کے شہری بننے کے لئے تیار رہنا چاہئے تو ہم سب کو شرم سے اپنے سر جھکالینا چاہئے ۔