گریٹر حیدرآباد میں تعمیراتی کام میں تیزی لانے کے ٹی آر کی ہدایت
حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آئندہ جون تک ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیرات کو یقینی بنانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ آج یہاں ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں میئر حیدرآباد بی رام موہن، کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ وعدہ کے مطابق آئندہ سال جون تک ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر ہوجانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا تعمیراتی کام تیزی سے چل رہے ہیں مزید تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات میں ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ کو ذمہ دار بنادیا جائے تو ان کی نگرانی میں کم مزید تیز رفتار سے مکمل ہونے کی توقع کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسمبلی سطح پر تعمیرات کی فہرست تیار کرتے ہوئے ارکان اسمبلی کے حوالے کرنے کی عہدیداروں کوہدایت دی۔ استفادہ کنندگان کے انتخاب میں شفاف طریقہ اپنانے کی کلکٹرس، محکمہ مال اور جی ایچ ایم سی کے عہدیدارو ں کو ہدایت دی۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم میں آدھار کارڈ، بائیو میٹرک اور خاندان کے جامع سروے کو سامنے رکھتے ہوئے اہمیت دینے کی ہدایت دی۔ جے این این پوار ، گرہا کلپا پراجکٹ کے 13ہزار کے مکانات استفادہ کنندگان میں تقسیم کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے پر بھی زور دیا۔ اس کے لئے حکومت سے مزید فنڈز کی اجرائی کو یقینی بنانے کا بھی تیقن دیا۔ جن مقامات پر سینکڑوں ، ہزاروں ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں وہاں سڑکوں کی تعمیرات، پولیس اسٹیشن کے علاوہ دوسری بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مختلف محکمہ جات کو ایک دوسرے کے ساتھ تال میل کرتے ہووئے کام کرنے کا مشورہ دیا۔ مکانات کی تعمیر مکمل ہونے تک تمام سہولتیں مہیا کردینے پر بھی زور دیا۔