جلگاؤں : ماب لنچنگ کو روکنے کے سپریم کورٹ کے علانیہ ہدایت کے باوجود ملک بھر میں ماب لنچنگ کے واقعات میں روزبروز اضافہ ہوتا ہی جارہا ہے ۔ پچھلے دنوں منی پور میں محمد فاروق خان نامی ایک نوجوان کو چوری کا غلط الزام لگا کر پیٹ پیٹ کرہلاک کردیا۔ او راب تازہ واقعہ مہاراشٹرا کے جلگاؤں شہر میں رونما ہوا ۔ توصیف شیخ یوسف نامی ایک سولہ سالہ لڑکے گؤ دہشت گردوں نے پیٹ پیٹ کر بری طرح زخمی کردیا بعد ازاں اسے پولیس اسٹیشن میں چھوڑکر چلے گئے ۔
ذرائع کے مطا بق جلگاؤں کے جامنیر علاقہ میں بلدیہ کی جانب سے یہ اعلان کیاگیا کہ آزاد گھوم رہے جانوروں کو قبضے میں لینے کا اعلان کیاگیا تھا۔ اس اعلان کے بعد توصیف شیخ اپنے جانوروں کو جو بازاروں میں گھوم رہیں تھے انہیں لے کر گھر کی طرف چل پڑا ۔ اسی دوران ۲۰تا ۲۵ گؤ دہشت گردوں نے اسے گھیر لیا او راسے خوب مار نے پیٹنے لگے ۔ او رتوصیف کو انتہائی زخمی حالت میں پولیس اسٹیشن کے پاس چھوڑ کر چلے گئے ۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ جب توصیف کو مارا پیٹا جارہا تھا اس وقت دو پولیس اہل کار وہاں خاموش کھڑے تماشا دیکھ رہے تھے ۔اس ہجومی تشدد او رپولیس کی خاموشی کو لے کر مقامی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔
جامنیر کے مسلمانوں کے ایک وفد نے پولیس انتظامیہ کو ایک مکتوب لکھ کر اس واقعہ کی شدید مذمت کی او رخاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔