قومی سیاسی اُمور پر تبادلہ خیال،شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد بنگلور واپسی
حیدرآباد۔یکم جولائی، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم اور جنتا دل سیکولر کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج صبح چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے پرگتی بھون میں ملاقات کی۔ دیوے گوڑا کانگریس رکن پارلیمنٹ ٹی سبی رامی ریڈی کے خاندان میں شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے کل رات حیدرآباد پہنچے۔ آمد میں تاخیر کے سبب وہ رات میں چیف منسٹر سے ملاقات نہ کرسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ خیرسگالی ملاقات کے دوران دونوں قائدین نے قومی سیاست اور دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر نے دیوے گوڑا کا والہانہ استقبال کیا اور ان کی شالپوشی کی اور یادگاری مومنٹو پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ، رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار، ارکان اسمبلی پرشانت ریڈی، جیون ریڈی، میئر حیدرآباد بی رام موہن کے علاوہ ٹی آر ایس کے کئی عوامی نمائندے موجود تھے۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے فوری بعد سابق وزیر اعظم بیگم پیٹ ایر پورٹ سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ بنگلور واپس ہوگئے۔ اسی دوران ٹی آر ایس کے ذرائع نے بتایا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں دونوں قائدین کی ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ کے سی آر نے تھرڈ فرنٹ کے قیام کیلئے بنگلور پہنچ کر دیوے گوڑا کا آشیرواد حاصل کیا تھا۔ اگرچہ اُن کی آمد کا مقصد شادی کی تقریب میں شرکت ہے لیکن ٹی آر ایس حلقے خیرسگالی ملاقات کو تھرڈ فرنٹ کی سرگرمیوں میں دوبارہ آغاز سے جوڑ رہے ہیں۔