نئی دہلی-مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے خطرناک ‘‘ٹیررسٹ موڈیول’’کا انکشاف کرنے کے لئے قومی جانچ ایجنسی(این آئی اے )کے کردار کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک مواصلات پر نگرانی سے ہی یہ کامیابی حاصل ہوسکی ہے ۔مسٹر جیٹلی نے ٹویٹ کیا،‘‘خطرناک ‘‘ٹیررسٹ موڈیول’’کا انکشاف کرنے کے لئے قومی جانچ ایجنسی(این آئی اے )کو شاباشی۔‘‘
انہوں نے سوالیہ لہجے میں پوچھا کہ کیا الیکٹرانک مواصلات پر ہونے والی نگرانی کے بغیر ‘‘ٹیررسٹ موڈیول’’کا انکشاف ممکن ہوپاتا۔کانگریس کی قیادت والی سابقہ ترقی پسند حکومت پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ کیاالیکٹرانک مواصلات پر سب سے زیادہ نگرانی یوپی اے حکومت کے دور اقتدار میں نہیں کی گئی تھی۔
’’مسٹر جیٹلی نے کہا،‘‘قومی تحفظ اور خود مختاری پہلی ترجیح ہے ۔زندگی اور انفرادی آزادی مضبوط جمہوری ملک میں ہی محفوظ رہ سکتی ہیں،دہشت گردوں کے قبضے والے ملک میں نہیں۔
’’انہوں نے کہا کہ جس الیکٹرانک انٹرسیپشن کی مخالفت اپوزیشن کررہی تھی،یہ کامیابی اسی انٹرسیپشن کی بنیاد پر ملی ہے ۔واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ 20دسمبر کو کچھ ایجنسیوں کو کمپیوٹر اور موبائل فون کی نگرانی کرنے کا حکم دیا تھا،جس کی مخالفت کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیاں ‘رازداری’پر حملہ بتاکر کر رہی ہیں۔
این آئی اے نے بدھ کو دہلی اور اترپردیش میں ایک دہشت گردوں کے سیل کا انکشاف کیا جو بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سینئر لیڈران اور بھیڑبھاڑ والے بازاروں میں حملہ کرنے کا منصوبہ بنارہاتھا۔
ایجنسی نے بتایا کہ اسلامک اسٹیٹ کے حامی دہشت گرد گروپ حرکت الحرب اسلام کے دس دہشت گردوں کو گرفتار کیاگیا ہے ۔ان کے پاس سے 12پستول اور ایک دیسی راکٹ لانچر سمیت کثیر مقدار میں اسلحہ اور گولابارود برآمد کیا گیا ہے ۔