ضرورت پڑنے پر مزید فنڈز جاری کرنے کا اعلان ۔ چیف منسٹر کے سی آر کا اعلان
حیدرآباد 28 اپریل ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم تلنگانہ این آر آئیز کو معمولی سی بھی دشواری پیش آئی تو سہارا دینے کا اعلان کیا اور اس کیلئے 50 کروڑ روپئے کا فنڈ اور خصوصی سیل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ۔ آئی اے ایس عہدیدار کی قیادت میں سیل قائم کرکے اس کی محاذی تنظیم کی شکل میں مختلف ممالک میں موجود تلنگانہ نمائندوں پر مشتمل تلنگانہ این آر آئی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے ریاستی وزیر کے ٹی آر اور رکن پارلیمنٹ کویتا کو این آر آئی سیل اور کمیٹی کی کارکردگی سے متعلق رہنمایانہ خطوط تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ تلنگانہ این آر آئی کی فلاح و بہبود ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سیل اور کمیٹی کو کام کرنے پر زور دیا ۔ کے سی آر نے کہا کہ این آر آئی کی فلاح و بہبود کیلئے بجٹ میں 100 کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ جس میں 50 کروڑ روپئے این آر آئی سیل کو منتقل کردئیے جائیں گے ۔ ضرورت پڑنے پر مزید فنڈز جاری کرنے حکومت تیار ہے ۔ چیف منسٹر نے ملک کی سیاست میں تبدیلی کیلئے کی جانے والی کوشش پر تلنگانہ کے این آر آئیز کو ساری دنیا میں موضوع بحث بنانے کا مشورہ دیا ۔ ہندوستانی عوام کا ایجنڈہ تیار کرنے تلنگانہ جو قائدانہ رول ادا کررہا ہے اس کی تشہیر پر زور دیا ۔ مختلف ممالک سے پہونچنے والے این آر آئیز نمائندوں کے ساتھ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے آج پرگتی بھون میں لنچ کیا ۔ بعد ازاں ان کے ساتھ تلنگانہ کی ترقی ، قومی سیاست اور این آر آئیز کی فلاح و بہبود پر تبادلہ خیال کیا ۔ ریاستی وزراء کے ٹی آر ، این نرسمہا ریڈی ، ایم پی کویتا کے علاوہ ارکان اسمبلی موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جدوجہد سے تلنگانہ ریاست حاصل کی گئی اور تیز رفتار ترقی کی جارہی ہے ۔ کئی شعبوں میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے ۔ تلنگانہ کا روشن مستقبل ہے تاہم جب دوسرے ممالک سے ہندوستان کا تقابل کیا جاتا ہے تو ہم کافی پیچھے ہیں ۔ موجودہ صورتحال کیلئے کانگریس اور بی جے پی ذمہ دار ہیں ۔ مودی کے خلاف لہر چلتی ہے تو راہول گاندھی وزیراعظم بنیں گے ۔ اس سے کیا فائدہ ؟ ایک جماعت پر ناراضگی سے دوسری کو کامیاب بنانے پر کیا تبدیلی آسکتی ہے ۔ عوامی ضروریات کے مطابق ایجنڈا تیار کرنے کانگریس اور بی جے پی کا متبادل تیار کرنے کا وقت آگیا ہے ۔