ایل بی نگر تا امیر پیٹ میٹرو ٹرین خدمات کا آئندہ ماہ آغاز متوقع

24 اسٹیشنوں پر اسمارٹ پارکنگ کی سہولت ، ایم ڈی ایچ ایم آر ایل این وی ایس ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ایل بی نگر تا امیر پیٹ تک میٹرو ریل آئندہ ماہ اگست تک عوام کو دستیاب ہوجائے گی ۔ تعمیری کام آخری مراحل میں پہونچ چکے ہیں ۔ عنقریب 24 میٹرو اسٹیشنس میں اسمارٹ پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ ایم ڈی حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ میٹرو ریل کی دستیابی سے شہر حیدرآباد کی صورت گری تبدیل ہوگئی ہے ۔ عوام کو معقول ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کے لیے میٹرو ریل کو متعارف کرایا گیا ہے ۔ جس سے شہر کی ترقی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ ایل بی نگر تا امیر پیٹ تک میٹرو ریل چلانے کے لیے جنگی خطوط پر تعمیری کام انجام دئیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں میٹرو ریل کا قیام بہت بڑا چیلنج تھا جب اس کو نا ممکن قرار دینے والے لوگ آج پہونچکر پراجکٹ کا معائنہ کررہے ہیں ۔ مالس میں زیادہ وقت گذارنے کا عوام کے پاس ٹائم نہیں ہے ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے بنیادی چیزوں کی دستیابی کے لیے پراجکٹ تیار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ کی ترقی اور ریاستی وزیر کے ٹی آر کی خدمات سے متاثر ہو کر دنیا بھر کی بڑی بڑی کمپنیاں اور کارپوریٹ ادارے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ بڑے سے بڑے تجربہ کار کو بھی کے ٹی ار جیسا مارکیٹنگ تجربہ نہیں ہے ۔ این وی ایس ریڈی نے کہا کہ مسافرین کی سہولت کے لیے لاسٹ میل کنکٹویٹی کے ساتھ فرسٹ میل کنکٹویٹی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ لاسٹ میل کنکٹیویٹی کے تحت شروع کردہ بائیکس ، کار ، رینٹل موبائیکس کامیابی سے چلائی جارہی ہے ۔ کاریڈار I کے تحت اندرون 5 کیلو میٹر کے حدود میں واقع تاریخی عمارتوں کو سیاحتی مراکز پر ترقی دینے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ایک سال میں ان عمارتوں کو خوبصورت بنایا جائے گا ۔ ایم جی بی ایس کے پاس 2 اسکائی واک تیار ہوگئے ہیں ۔ شہرمیں پارکنگ کے مسائل کا مستقل حل دریافت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوائے پرکاش نگر کے تمام اسٹیشن کے پاس پارکنگ کے لیے کافی جگہ موجود ہے ۔ بہت جلد 24 میٹرو اسٹیشنس میں پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ ملٹی لیول پارکنگ کے کاموں کا بھی آغاز کیا جائے گا ۔۔