اسلام آباد،28فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر درکار ہر حفاظتی کارروائی کرتے ہوئے فوج نے کسی بھی جارحیت کا سامنا کرنے کیلئے خود کو تیار رکھا ہے۔ یاد رہیکہ ہندو پاک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی سے ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں۔ ہندوستانی فوج نے جیش محمد کے متعدد ٹھکانوں کو فضائی حملے کرتے ہوئے تباہ کردیا تھا جس کے بعد پاکستان نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس نے دو ہندوستانی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ہے اور ایک ہندوستانی پائلٹ کو گرفتار کیا ہے۔ فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستانی فوج کو ایل او سی پر ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور تمام حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے گئے ہیں۔ خصوصی طور پر مشرقی سرحد پر کسی بھی ہندوستانی جارحیت کا مقابلہ کرنے پاکستانی فوج بالکل تیار ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی فضائی اور بحریہ بھی مکمل طور پر الرٹ ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ 48 گھنٹوں میں کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جہاں کوٹلی، خریتا اور تھٹاپانی سیکٹرس میں جو ایل او سی سے قریب واقع ہیں ۔ ہندوستانی افواج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس وقت پاکستانی فوج اپنے آپ کو حالت جنگ میں سمجھ رہی ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے تیار ہے۔