ایف 16 طیاروں کے پنکھ تلنگانہ میں تیار ہوں گے

حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) لاک ہیڈ مارٹن کے ایف 16 لڑاکا جٹ طیاروں کے ونگس ( پنکھ ) تلنگانہ میں تیار ہوں گے ۔ امریکی سیکوریٹی وایرو اسپیس ادارہ نے ایف 16 جٹ طیاروں کے ونگس ہندوستان میں تیار کئے جانے کا اعلان کیا جس سے میک ان انڈیا پرگرام کو کافی تقویت ملی ہے ۔ لاک ہیڈ نے اس سلسلہ میں ٹاٹا اڈوانسڈ سٹمس لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا ہے ۔ ایف 16 طیاروں کے ونگس کی تیاری اندرون 3 ماہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ آدی باٹلہ میں ادارہ ٹاٹا اڈوانسڈ سٹمس لمیٹڈ TASC میں شروع ہوجائے گی ۔ تلنگانہ کے محکمہ صنعت و انفارمیشن ٹکنالوجی کے پرنسپال سکریٹری جے رنجن نے کہا کہ پروڈکشن 3 ماہ میں شروع ہوجائے گا ، انہو ںنے بتایا کہ لاک ہیڈ مارٹن انٹرنیشنل کے نائب صدر رچرڈ ایڈورڈس نے منگل کے دن ریاستی وزیر کے ٹی راماراو سے ملاقات کی اور پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ گزشتہ سال لاک ہیڈ مارٹن اور ٹاٹا ادارہ نے ایف 16 بلاک 70 کی تیاری میں اشتراک کا اعلان کیا تھا بشرطیکہ ہندوستانی فضائیہ اس طیارہ کا انتخاب کرے اس وقت ساری دنیا میں 28 خریداروں نے تقریباً 4 ہزار 604 ایف 16 طیارے حاصل کئے ہیں اس وقت امریکی ایرفورس کے بشمول دنیا کے 25 سرکردہ ایرفورسس ایف 16 طیاروں کی اُڑان بھرتے ہیں ۔