دفتر سیاست میں کوئسچن بینک کا رسم اجراء ، پروفیسر ایم ایم انور و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ایس ایس سی کے امتحان میں تیاری کے لیے سیاست کا کوئسچن بینک نہ صرف کامیابی کا ضامن ہے بلکہ اس سے کامیابی کے تناسب میں بھی کافی اضافہ ہورہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ایم ایم انور سابق ڈائرکٹر فاصلاتی تعلیم مرکز مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی نے یہاں سیاست گولڈن جوبلی ہال عابڈس میں ایس ایس سی کوئسچن بینک کی رسم اجرائی انجام دیتے ہوئے کیا اور کہا کہ طالب علم اس سے بھر پور استفادہ کریں ۔
انہوں نے تعلیمی شعبہ میں ہونے والی تبدیلیوں کے حوالہ سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج ہوم ورک کے ساتھ پراجکٹ ورک بھی شامل نصاب ہے اور اس کے نشانات بھی بورڈ امتحانات میں شمار کئے جارہے ہیں ۔ اپنے دیرینہ تجربات کو پیش کرتے ہوئے جناب ایم ایم انور نے کہا کہ مسلمان طلبہ میں ذہانت بہت ہوتی ہے انہیں مواقع میسر کرنے کی ضرورت ہے ۔ امتحانات میں اچھے مظاہرہ سے کامیابی کے ساتھ اچھے نشانات سے بہترین کیرئیر بنایا جاسکتا ہے ۔
جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے کوئسچن بینک کی تیاری میں تعاون کرنے والے اساتذہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ان کی خدمات کی ستائش کی اور بتلایا کہ ادارہ سیاست کے اشتراک سے گذشتہ 15 برسوں سے پابندی کے ساتھ ہر سال ایس ایس سی کوئسچن بنک تیار کیا جاتا ہے اور انگلش میڈیم اردو میڈیم کے ساتھ تلگو کوئسچن بینک تیار کیا جاکر شائع کرتے ہوئے حیدرآباد اور اضلاع میں مفت تقسیم کیا جاتا ہے ۔
جناب سید حیدر علی انجینئر چیرمین سوپرب فیڈریشن آف پرائیوٹ اسکولس و مسلم ایجوکیشن سوسائٹی سنٹرل باڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ نظام تعلیم میں تبدیلیوں کے ذریعہ مسلم حکمرانوں اور تاریخ کو مسخ کرنے کی سازشیں جاری ہیں ۔ نئی نسل کو مسلم حکمرانوں سے واقف کروانے کے لیے ان کے کارناموں سے واقف کرانا ضروری ہے ۔ مسلم زیر انتظامیہ اسکولس کے ذمہ داران سے ان کا اشتراک حاصل ہے ۔
جناب میر شجاعت علی جنرل منیجر سیاست اور پروفیسر ایم ایم انور کے ہاتھوں رسم اجرائی انجام دی گئی ۔ ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست نے ایس ایس سی امتحان کے طریقہ کار اور کورسز پر روشنی ڈالی ۔ محمد معید ماسٹر مائنڈس ہائی اسکول ، محمد ابراہیم نے شرکت کی
You must be logged in to post a comment.