تہران ۔ 8 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے آج مزاحمتی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی بالسٹک میزائیل تجربات کئے جسے جنوری میں میزائیل پروگرام پر عائد امریکی تحدیدات کی خلاف ورزی تصور کیا جارہا ہے ۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے کہا کہ ان تجربات کے ذریعہ یہ ثابت کیا گیا ہے کہ ملک علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی خطرہ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ سرکاری ٹیلی ویژن پر میزائیل کی تصاویر دکھائی گئی اور ملک کے مختلف حصوں میں داغے گئے بالسٹک میزائیل بھی نمایاں کئے گئے۔ امریکہ نے ایران کی نیوکلیئر سرگرمیوں سے متعلق تحدیدات ختم ہوتے ہی فوری بعد جنوری میں میزائیل پروگرام پر تازہ تحدیدات عائد کی تھی۔ ارنا نے بتایا کہ ان نئے تجربات کو ’’ولایت کی طاقت‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور انقلابی گارڈس و ایرو اسپیس فورسس نے کامیابی کے ساتھ یہ تجربات کئے۔