واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک کو ٹوئیٹر پر سخت تنبیہ جاری کی ہے اور کہا کہ وہ ممالک امریکہ کے ساتھ تجارت نہیں کرسکیں گے ۔امریکی صدر نے ایگزیکیٹو آرڈر پر دستخط کر کے ایران پر پھر سے پابندیاں عائد کردی ہیں ۔ان پابندیوں میں ایران کے مختلف شعبوں کو نشانہ بنانے کیلئے مزید منصوبہ تجویز کئے گئے ہیں ۔صدر امریکہ کی جانب سے کئے گئے ٹویئیٹس میں انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی ایران کے ساتھ تجارت کرے گا وہ امریکہ کے ساتھ تجارت نہیں کرے گا ۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس سے قبل اتنی پابندیاں کبھی نہیں لگائی تھیں او رنومبر میں یہ پابندیاں میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔
اسی دوران امریکی وزارت خارجہ کے ذمہ داران نے بتایا کہ امریکی پابندیوں کے نافذ ہوتے ہی ۱۰۰؍ سے زائد عالمی کمپنیاں ایرانی منڈی سے کوچ کرنے پر آمادہ ہوچکی ہیں ۔نیویارک ٹائمس کے مطابق مذکورہ ذمہ داران نے اپنانام ظاہر نہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پابندیوں سے ایرانی معیشت پر شدید دباؤ پڑے گا ۔اس مرحلہ میں ایرانی حکومت پر امریکی ڈالر خریدنے ، خام معدنیات خریدنے ، صنعتی آپریشن میں استعمال ہونے والے سافٹ ویئر ز کی خریداری او رایران میں گاڑیوں کی صنعت سے متعلق پابندیاں شامل ہیں ۔