ایران میں بس ۔ ٹینکر تصادم 19 افراد ہلاک

تہران ۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران میں ایک بس اور ایک فیول ٹینکر میں ہوئے تصادم میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔ سرکاری ٹیلی ویژن نے آج یہ اطلاع دی۔ تفصیلات کے مطابق ٹکر رات 11:15 بجے ہوئی جس کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ بس اور ٹینکر شعلہ پوش ہوگئے۔ حادثہ کے وقت ٹینکر انتہائی تیز رفتار تھا اور سڑک پر اپنی لائن سے ہٹ کر اس نے مسافر بس کو ٹکر دیدی جس میں 19 مسافرین اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ٹریفک پولیس کمانڈر جنرل محمد حسین حمیدی نے یہ بات بتائی۔ سرکاری ٹیلیویژن کے فوٹیج میں دکھایا گیا کہ کس طرح آتش فرو عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے اور زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا جارہا ہے۔ ایران میں سڑک حادثات کا تناسب دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے جہاں لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنا ایک عام بات ہے اور خستہ حال سڑکوں کی مرمت پر بھی توجہ نہیں دی جاتی جس سے سڑک حادثات اکثر و بیشتر رونما ہوتے ہیں۔