میونخ : امریکہ کے نائب صدر مائک پنس نے یوروپی ممالک پر زور دیا کہ وہ ایران کے بڑی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدہ سے دستبردار ہوجائیں ۔ انہوں نے ان ممالک سے یہ بھی کہاہے کہ وہ چین کی کمپنی ہوائی کے مہیا کردہ ٹیلی مواصلاتی کے آلات کے استعمال میں بھی محتاط رہیں ۔ امریکی نائب صدر مائیک پنس ہفتہ کے دن جرمنی کے شہر میونخ میں منعقدہ ۵۵؍ ویں سالانہ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔
انہوں نے ایران کے خلاف امریکہ کے اس دیرینہ الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے والا ملک ہے ۔ مسٹر پنس نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمارے یوروپی شراکت دار ہمارے ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں او روہ بھی ایران سے طے شدہ جوہری معاہدہ کو خیر باد کہہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ شام سے انخلا کے باوجود داعش کے انتہا پسندوں کا پیچھا جاری رکھے گا ۔ وہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر داعش کو کچلنے کی کوشش جاری رکھے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو وینزیلا میں آزادی او ر جمہوریت کی مکمل بحالی تک اس ملک کے عوام کیساتھ کھڑے ہونا چاہئے ۔