ایران سے امریکہ نیوکلیئر معاہدہ کرنے تیار : صدر امریکہ

ایران کو ایک ذمہ دار قوم جیسا رویہ اختیار کرنا چاہئے: وزیردفاع امریکہ
واشنگٹن ۔ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہاکہ امریکہ ایران کے ساتھ اس کے نیوکلیئر پروگرام کے بارے میں ایک ’’حقیقی معاہدہ‘‘ کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے چند دن قبل ایران کو دھمکی دی تھی کہ وہ اگر امریکہ کو دھمکیاں دینا ترک نہ کرے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ ٹرمپ نے ماہ مئی میں امریکہ کے ایران نیوکلیئر معاہدہ سے جو 2015ء میں امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں کے ساتھ طئے پایا تھا، دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ اس معاہدہ کے تحت ایران پر سے تحدیدات برخاست کردی گئی تھیں۔ بیرون ملک جنگوں کے کہنہ مشق سپاہیوں کے قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے کہاکہ ان کا انتظامیہ ایران کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کی میز پر آ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے یکطرفہ نیوکلیئر معاہدہ سے دستبرداری اختیار کی تھی۔ ایران کے اس فیصلہ کے نتیجہ میں امریکہ کا موقف سابق کی طرح سخت نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ کیا واقعات پیش آتے ہیں لیکن ہم ایران کے ساتھ ایک حقیقی معاہدہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ایسا کوئی معاہدہ نہیں کیا جائے گا جس کے دفعات ان کے انتظامیہ کو منظور نہ ہوں اور جو تباہ کن ہو۔ دریں اثناء وزیردفاع امریکہ جیمس مٹیس نے ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ غیرذمہ دارانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو پہلے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا کیونکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے انتباہ کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی پیدا ہوچکی ہے۔ ایران کے بارے میں انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ ہمیں ایران کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ہم ذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ پورے علاقہ میں کرتے رہے ہیں۔ جیمس مٹیس نے امریکہ ۔ آسٹریلیا وزارتی سطح کے اجلاس میں شرکت کے دوران علحدہ طور پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ یمن میں ناقص کارکردگی کے مظاہرے کے کیا نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ تشدد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ بحرین میں ان کی صلاحیتوں میں خلل اندازی کا مظاہرہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کیلئے اب وقت تقاضہ ہیکہ وہ اپنے رویہ میں تبدیلی پیدا کرے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ ایک جمہوری قوم کی طرح کارکردگی دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران غیرذمہ دارانہ رویہ جاری نہیں رکھ سکتا۔ دو دن قبل صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی تھی کہ اگر وہ امریکہ کو دھمکانا ترک نہ کریں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ وزیردفاع امریکہ جیمس مٹیس نے اپنی پریس کانفرنس میں اسی دھمکی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ صدر ایران حسن روحانی کو امریکہ کو کبھی بھی دھمکیاں نہیں دینی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ دھمکیاں دینا جاری رکھیں تو اس کے سنگین نتائج آپ کو ہی بھگتنے پڑیں گے۔ آپ قبل ازیں دھمکانے کے نتائج بھگت چکے ہیں اور آپ جانتے ہیں کہ یہ کتنے پریشان کن ہوتے ہیں۔ ڈپٹی پریس سکریٹری وائیٹ ہاؤس ہوگن گڈھی نے بھی وزیردفاع امریکہ کی دھمکی کا اعادہ کیا۔