تہران ۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں دہشت گردی سے اس وقت زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہے اور اس کا فطری ردعمل ہر شعبہ جات میں ظاہر ہورہا ہے اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ ایران کے 24 سالہ ویٹ لفٹر سجاد غریبی نے جن کے INSTAGRAM پر چاہنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار سے زیادہ ہے۔ داعش یا اسلامک اسٹیٹ کا مقابلہ کرنے اور اس کا خاتمہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔155 کیلوگرام وزنی لحیم شحیم سجاد غریبی بیان کیا جاتا ہے کہ اپنے ملک کی اس فورس میں شامل ہورہے ہیں جو آئی ایس آئی ایس سے لڑائی لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک رضاکار سپاہی کی حیثیت سے شام میں اسلامک اسٹیٹ سے لڑنے والی ایرانی فوج میں شامل ہورہے ہیں۔ سجاد غریبی 180 کیلوگرام سے زائد وزن اٹھا سکتے ہیں۔ ’’ڈیلی میل‘‘ اور ’’بی بی سی‘‘ کے مطابق سجاد غریبی نے کہا کہ علاقہ میں دہشت گردی کا خاتمہ ان کے دل کی تمنا ہے۔