غیرقانونی کارروائی: حکومت معذرت خواہی سے شیوسینا ایم پی کا انکار ،ایف آئی آر درج، قانونی کارروائی کا کانگریسی مطالبہ
نئی دہلی ۔ /24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری ایرلائینس ادارہ ایرانڈیا اور چار خانگی ایرلائینس کمپنیوں نے اپنے طیاروں میں شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ رویندر گائیکواڈ کے سفر پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ امتناع کے لئے آج کئے گئے اس فیصلہ سے ایک دن قبل گائیکواڈ نے ایرانڈیا کے ایک 60 سالہ عہدیدار کو جوتے سے دے مارا تھا ۔ اندرون ملک پرواز کی تنظیم فیڈریشن آف انڈیا ایرلائینس (ایف آئی اے) کے ذرائع نے کہا کہ ’’اس ادارہ نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیا ہے اور اپنے نٹورک کے ذریعہ اس رکن پارلیمنٹ کے سفر پر امتناع عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ‘‘ ۔ نریش گوئیل کے مملوکہ جٹ ایرویز کے علاوہ دیگر تین ایرلائینس اداروں انڈیگو ، اسپائیس جٹ اور گوایر بھی ایف آئی اے کے رکن ہیں ۔ گائیکواڈ گزشتہ روز اس وقت تنازعہ کا شکار ہوگئے تھے جب اکنامی کلاس طیارہ میں سوار ہونے کے باوجود بزنس کلاسس میں نشست کی فراہمی کے لئے اصرار کرتے ہوئے حالت برہمی میں ایرانڈیا کے ایک 60 سالہ عہدیدار کو جوتے سے دے مارا تھا ۔ حکومت نے کہا کہ قانون امتناع کی اجازت نہیں دیتا۔ ایرانڈیا طیارہ میں گذشتہ روز پیش آئے واقعہ پر شیوسینا کے ایم پی رویندر گائیکواڑ نے آج کہا کہ وہ ایرانڈیا کے ملازمین سے ہرگز معذرت خواہی نہیں کریں گے۔ انہوں نے اس واقعہ کیلئے ایرانڈیا کے ملازم کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا۔ شیوسینا رکن پارلیمنٹ گائیکواڑ نے آج اپنے موقف کو مزید سخت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اقدام پر پشیماں نہیں ہیں۔ یہ واقعہ ایرانڈیا ملازم کی بدتمیزی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ کے خلاف ایرانڈیا کے علاوہ دیگر چار خانگی ایرلائنس کمپنیوں نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں اپنے طیاروں میں پرواز پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ وزیرشہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو نے وعدہ کیا ہیکہ وہ شیوسینا ایم پی کے خلاف کارروائی کریں گے۔ مہاراشٹرا صدر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گائیکواڑ نے کہاکہ انہیں اپنی حرکت پر کوئی افسوس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاہے کی پشیمانی، میں نے جو کیا ٹھیک کیا۔ میں ایرانڈیا کے مینجر شیوکمار سے ہرگز معذرت خواہی نہیں کروں گا۔ انہیں خود میرے پاس آ کر معافی مانگنی ہوگی۔ایرانڈیا نے ایم پی کے خلاف دو ایف آئی آر درج کرائے ہیں۔ اسی دوران کانگریس کے لیڈر منیش تیواری نے کہا کہ شیوسینا ایم پی کو ایوان سے خارج کردینا چاہئے۔ انہوں نے ایک ملازم کے ساتھ بزدلانہ حرکت کی ہے۔ خود شیوسینا کو بھی خاطی ایم پی کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔