ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کا ادعا
حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے بوتھ سطح سے پارٹی کو مستحکم کرنے کی قائدین کو ہدایت دی۔ ’شکتی ایپ‘ سے جڑ جانے کا پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا۔ سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم فیس بُک سے لائیو خطاب میں عوام کے سوالات کا بھی جواب دیا۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی اُلٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ ریاست میں وسط مدتی ہوں یا عام انتخابات کانگریس ‘ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے حکومت تشکیل دے گی۔ کانگریس کے دور حکومت میں سماجی انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی کیڈر کو شکتی ایپ پارٹی کو قومی سطح پر استحکام کرنے شکتی ایپ کو متعارف کررہا ہے۔ پارٹی کے بوتھ قائدین بھی اس ایپ کے ذریعہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز اور پیغامات لوڈ کرسکتے ہیں۔ راہول گاندھی اس ایپ کے ذریعہ بوتھ لیول کے پارٹی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے انہیں پیام دیں گے۔ فیس بک لائیو پر ٹیلی کال وصول ہوتے ہی اُتم کمار نے فون کرنے والوں سے پہلے سوال یہی کہا کہ آیا وہ ایپ سے جڑ چکے ہیں۔ اگر نہیں جڑے ہیں تو فوری جڑ جایئے۔ اپنا آدھار آئی ڈی کارڈ نمبر 7996179961 پر ایس ایم ایس کریں۔ اندرون 24 گھنٹے شکتی ایپ میں اندراج کا پیام وصول ہوجائیگا۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ بالخصوص پارٹی کارکنوں سے رابطہ اورینٹ ورکنگ کیلئے شکتی ایپ ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ اتم کمار نے کہا کہ جاریہ سال کے اواخر اکتوبر یا نومبر میں وسط مدتی انتخابات کے اشارے مل رہے ہیں۔ کانگریس ورکرس انتخابات کا سامنا کرنے پوری طرح تیار ہوجائیں۔ انہوں نے قائدین و کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ بوتھ سطح سے پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے اور ٹی آر ایس کو اقتدار سے بے دخل کرنے متحدہ طور پر کام کریں۔ اتم کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس کا چار سالہ دور حکومت مایوسی کن ہے۔ عوام سے کہا گیا کہ ایک وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ جھوٹی تشہیر پر کروڑہا روپئے خرچ کرکے ٹی آر ایس حکومت ریاست کے عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ اپنی ناکامیوں سے عوامی توجہ ہٹانے جی توڑ کوشش کررہی ہے مگر وہ اپنے مقصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ عوام، ٹی آر ایس کو شکست دینے کا ذہن بنا چکے ہیں۔ حیدرآباد سے کانگریس کے کارکن دنیش یادو کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی میں بی سی طبقات کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ کئی اہم عہدوں کے بشمول حیدرآباد سٹی کانگریس کے صدر کا تعلق بی سی طبقات سے انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم میں بھی کانگریس پارٹی، بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتوں کے ساتھ سماجی انصاف کرے گی۔