ممبئی: کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے نریندر مودی حکومت پر شدید حملہ کر تے ہوئے کہا کہ اچھے دن کا حال بھی انڈیا شائننگ کی طرح ہوگا۔اور 2019ء میں ہم پھر واپس آئیں گے۔
متحدہ ترقی پسند اتحاد کی صدر نے آج یہاں ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں کہا کہ 2019کے عام انتخابات میں کانگریس کا اہم موضوع مودی کے دعوی ہوں گے۔او رمودی کے’’ اچھے دن ‘‘کا حال بھی اٹل بہاری واجپائی حکومت کے ’’انڈیا شائننگ‘‘ کی طرح ہوگا۔
اپوزیشن جماعتوں کو یکجا کرنے کی کوشش میں مصروف کانگریس لیڈر نے اپنے خطاب میں مودی حکومت پر شدید حملہ کئے۔انھوں نے سوال کیا کہ 26مئی 2014کو مودی کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے کیا ہندوستان مکمل طور پر ایک ’بلیک ہول‘ تھا؟ کیا ہندوستان ترقی اور عظمت کی جانب صرف گذشتہ چار سال میں ہی بڑھا ہے؟
اس طرح کی باتیں کیا ہمارے دانشمندی کی توہین نہیں ہے؟ سونیا گاندھی نے الزام لگا یا کہ ملک میں مخالفت میں اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کسانوں کی پریشانیوں میں مسلسل اضافہ ہوتا ہی جارہا ہے۔انھوں نے نوٹ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معیشت کے لئے بہت نقصاندہ ہے۔انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت کو چار سال مکمل ہورہے ہیں مگر حکومت ایک وعدہ بھی پورا نہ کر سکی۔
انہوں نے کہاکہ 2019میں ہمارا بنیادی موضوع بی جے پی کے پانچ سال کے دوران کئے گئے وعدے او ران کا کام ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ عوام کی آزادی خطرہ میں ہے۔بی جے پی حکومت اشتعال انگیز بیان بازی کر ہی ہے۔یہ سب کچھ اچانک یا غلطی سے نہیں ہورہا ہے بلکہ ایک خطرناک منصوبہ کا حصہ ہے۔