اپوزیشن کی جمہوریت بچاؤ دیش بچاؤ مہم

الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے مسئلہ پر الیکشن کمیشن سے پیر کو رجوع ہونے کا فیصلہ

نئی دہلی ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن پارٹیوں نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ جمہوریت بچاؤ دیش بچاؤ مہم کے حصہ کے طور پر اپوزیشن پارٹیوں نے آج فیصلہ کیا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال پر اپنی تشویش سے الیکشن کمیشن کو واقف کروائیں گے۔ پیر کے دن اپوزیشن پارٹیوں کا وفد الیکشن کمیشن سے ملاقات کررہا ہے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج نئی دہلی میں اپوزیشن قائدین کے ساتھ طویل بات چیت کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ ملاقات بہترین رہی۔ تمام پارٹیوں نے تین مسائل پر تفصیلی غوروخوض کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ تین مسائل میں روزگار، زراعت اور دستوری اداروں پر حملے ہیں۔ ہم ان مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے الیکشن کمیشن سے ملاقات کررہے ہیں۔ اس اجلاس میں صدر تلگودیشم چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے سیاہ شرٹ پہن کر بطور احتجاج شرکت کی۔ ان کے ہمراہ این سی پی صدر شردپوار، نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ، سماجوادی پارٹی کے رام گوپال یادو، بہوجن سماج پارٹی کے ستیش چندر مشرا، ڈی ایم کے کی لیڈر کنی موذی، ترنمول کانگریس کے ڈرک اوبیرین، سی پی آئی کے ڈی راجہ، سی پی آئی ایم ٹی کے رنگاراجن، راشٹریہ جنتادل کے منوج جھا، عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ اور راشٹریہ لوک دل کے لیڈر جین چودھری بھی شریک تھے۔ کانگریس کے سینئر قائدین احمد پٹیل، غلام نبی آزاد، ملک ارجن کھرگے، اے کے انٹونی بھی موجود تھے۔