واشنگٹن ۔ /3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئی ایس کی جانب سے تقررات کیلئے ویڈیو میں مسلمانوں کے تعلق سے کئے گئے ریمارکس کا حوالہ دیئے جانے پر ڈونالڈ ٹرمپ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے موقف پر اب بھی قائم ہیں ۔ ری پبلکن صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل ٹرمپ نے کہا کہ مسلمانوں کے امریکہ میں داخلہ پر امتناع عائد کرنے پر زور دیا تھا ۔ صومالیہ کے انتہاپسند شباب گروپ نے اسی ریمارک کا حوالہ دیتے ہوئے مسلمانوں سے ان کی تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے کی خواہش کی تھی ۔ اس بارے میں پوچھے جانے پر ٹرمپ نے کہا کہ جو بات انہوں نے کہی آج بھی اس پر قائم ہے ۔ اگرمسئلہ ہو تو ہمیں اسے معلوم کرتے ہوئے حل تلاش کرنا ہوگا ۔ ری پبلکن پارٹی کے صف اول کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے بلوگزی میں اپنی انتخابی مہم کے دوران تقریر کرتے ہوئے کہا کہ صدر امریکہ بارک اوباما اور سابق وزیر خارجہ ہیلاری کلنٹن کی پالیسیوں کے نتیجہ میں دولت اسلامیہ کی تخلیق ہوئی ،تاہم انہوں نے اپنے دعوے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ اسلامی جمہوریہ طویل مدت سے مشرق وسطی میں امریکہ کے حلیف پر قابو پانا چاہتا ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ ان دونوں نے دولت اسلامیہ کی تخلیق کی ہے ۔ ہیلاری کلنٹن اور بارک اوباما دونوں ہی دولت اسلامیہ کے وجود کے ذمہ دار ہیں ۔