نئی دہلی : ہندوستان کے سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے قومی صدر مولانا بدر الدین اجمل قاسمی نے کہا کہ بلاشبہ اٹل بہاری واجپائی ایک عظیم سیاستداں تھے او رہندوستان کے ان گنے چنے لیڈروں میں سے تھے جن کی قابلیت ، صلاحیت اور اخلاق کے اپنوں کیساتھ غیر بھی قائل تھے ۔
یقیناًان کے دور میں بہت سے ایسے ناخوشگوار واقعات پیش آئے جو افسوسناک او ردردناک تھے جس کی ذمہ داری سے ان کوالگ نہیں کیا جاسکتا اسی طرح ہمارا ان سے ان کی پارٹی سے او ر انکی تنظیم سے نظریاتی اختلاف ہے اس کے باوجود ہم یہ سمجھتے ہیں کہ بطور لیڈر ، بطور سیاستداں ، بطور وزیر اعظم ، بطور وزیر خارجہ ملک کیلئے ان کے کارنامو ں کو یاد رکھا جائے گا ۔ مولانا اجمل نے کہا کہ وہ ایک سلجھے ہوئے سیاستداں اور سنجیدہ انسان تھے ۔
اور ان کے انتقال سے ہندوستانی سیاست میں خلا پیدا ہوگیا ہے۔ پارلیمنٹ کے اندر ہو یا باہر ان کی تقاریر سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اپنے اپوزیشن کی بھی عزت و احترام کیا کرتے تھے ۔ مولانا اجمل نے کہا کہ تمام تر اختلافات کے باوجود یہ کہنے میں دقت نہیں کہ اٹل بہاری واجپائی جی کی موت سے ہندوستان نے ایک قابل سیاستداں اور دانشور کوکھودیا ہے اسلئے ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔