ویب سائیٹ کا جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں افتتاح
حیدرآباد۔5اکٹوبر (سیاست نیوز) انٹرنیٹ کے صحیح استعمال کے ذریعہ بچوں میں موجود صلاحیتوں کو ابھارنے اور انہیں عالمی سطح پر روشناس کرتے ہوئے شناخت فراہم کرنے کیلئے شروع کردہ ویب سائٹ پر ہونے والے مقابلہ ٔ جات میں نونہال حصہ لے سکتے ہیں۔ ادارۂ سیاست کے تعاون سے شروع کئے جانے والے ان مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے طلبہ و اولیائے طلبہ ویب سائٹ
www.mysuperbrain.com/siasat
پر تفصیلات کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔ سی ای او مائی سوپر برین مسٹر بی راگھویندرا ریڈی نے بتایا کہ دنیا بھر میں موجود طلبہ جو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں ان کیلئے یہ مقابلے اپنی صلاحیتوں کو ابھارنے اور نکھارنے کا زرین موقع ہیں کیونکہ اب تک طلبہ میں موجود صلاحیتیں اسکول یا شہری سطح پر منعقد ہونے والے مقابلہ ٔ جات تک محدود ہو کر رہ جاتے تھی لیکن اب آن لائن پینٹنگ‘ essay‘ شاعری وغیرہ کے مقابلہ ٔ جات کے سبب طلبہ کی یہ صلاحیت دنیا بھر تک پہنچ سکتی ہیں۔جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے آج اس ویب سائٹ کا آغاز کیا۔ اس موقع پر جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست موجود تھے۔ مسٹر رگھویندر ریڈی نے بتایا کہ حیدرآباد سے شروع کی گئی اس ویب سائٹ کا مقصد طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو پیش کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کو یقینی بنانا ہے۔
ادارۂ سیاست کی اعانت سے شروع کردہ ان مقابلہ ٔ جات میں حصہ لینے کیلئے یکم اکٹوبر تا 10نومبر کے دوران آن لائن رجسٹریشن کروانا ہوگا جبکہ مختلف زمروں میں منعقد ہونے والے ان مقابلہ ٔ جات میں مذاکرہ اور حساب کی مشق بھی شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ طلبہ کے مقابلوں کیلئے 3گروپس کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے جن میں جماعت اول تاسوم (کڈس گروپ) ‘ جماعت چہارم تا ششم (جونیئر گروپ) اور ساتویں تا نویں جماعت کو (سینیئر گروپ) کا نام دیا گیا ہے۔ جن زمروں میں مقابلہ ٔ جات منعقد ہوں گے ان میں ہر زمرے کے کامیاب طالبعلم کو ٹیاب بطور انعام دیا جائے گا جبکہ حصہ لینے والے 100بہترین امیدواروں کو گفٹ ووچر بطور انعام پیش کئے جائیں گے۔ مذکورہ ویب سائٹ پر بچوں کی ذہنی نشو نما کو بہتر بنانے کے کھیل بھی موجود ہیں جن کے ذریعہ کھیل کے ذریعہ تعلیم کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس ویب سائٹ کے ذریعہ مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے طلبہ کی تخلیقات کو ویب سائٹ پر رکھا جائے گا جس کا دنیا بھر سے لوگ مشاہدہ کریں گے۔ ان تخلیقات کی سراہنا اور اس پر ماہرین کی رائے کے متعلق حصہ لینے والوں کو معلومات حاصل ہوتی رہیں گی جو کہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کا سبب بنیں گی۔