طوفانی ہواؤں کیساتھ موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی، شیلٹرہومس کا قیام، 300 کشتیاں متحرک
بھوبنیشور 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری ایک خصوصی بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ وسطی خلیج بنگال کے جنوب مشرق میں پیدا شدہ ہوا کے دباؤ میں کمی نے منگل کی صبح مزید شدت اختیار کرلی اور بھنور کی شکل میں آندھرا اور اڈیشہ کے ساحل کی سمت بتدریج پیشقدمی کررہی ہے اور بہت ممکن ہے کہ مزید شدت کے ساتھ شام تک طوفان باد و باراں کی شکل اختیار کرسکتی ہے۔ اس طوفان کو ’تتلی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ خلیج بنگال کے مشرقی وسط میں ہونے والی ہوا کے دباؤ میں کمی گزشتہ چھ گھنٹوں کے دوران 10 اکٹوبر میٹر فی گھنٹہ کی رفتار مغرب شمال مغرب کی سمت پیشرفت کررہی ہے اور پال پور سے تقریباً 560 کیلو میٹر جنوب مشرقی علاقہ اور کالنگا پٹنم سے 510 کیلو میٹر جنوب مشرقی علاقہ میں بھنور کی شکل اختیار کررہی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے مزید کہاکہ ’’بہت ممکن ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ طوفان باد و باراں مزید شدت اختیار کرے گا اور غالب امکان ہے کہ کچھ دیر کے لئے یہ مغرب شمال مغرب کی سمت بڑھے گا۔ بعدازاں 11 اکٹوبر کو صبح کے وقت گوپال پور اور کالنگا پٹنم کے درمیان اڈیشہ اور شمالی آندھراپردیش کے ساحلوں سے ٹکرائے گا۔ طوفان کی شکل اختیار کرنے کے بعد یہ ’تتلی‘ سے موسوم ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے گنجام، گجپتی، پوری اور جگت سنگھ پور میں منگل سے شدید تا انتہائی شدید بارش کی پیش قیاسی بھی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق حکومت اڈیشہ نے اپنے تمام ڈسٹرکٹ کلکٹروں کو سخت چوکسی اختیار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اسٹیٹ ریلیف کمشنر نے کہا ہے کہ 879 سائیکلون شلٹر ہومس قائم کئے گئے ہیں۔ طوفان سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 300 کشتیوں کو تیار رکھا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ شمالی آندھراپردیش، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحلوں پر منگل کی رات سے 45 تا 55 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلیں گی جن کی رفتار چہارشنبہ کی شام 80-90 کیلو میٹر فی گھنٹہ تک پہونچ جائے گی۔