اُترپردیش بلدی انتخابات میں سیاسی پارٹیوں کا ناقص مظاہرہ
جمہوریت کی بقاء کے لئے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت کی مثال پیش کی
حیدرآباد۔ 3؍دسمبر (سیاست نیوز)۔ اُترپردیش میں ہوئے ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں اترپردیش کے عوام نے تمام سیاسی جماعتو ںکو مسترد کردیا! ان انتخابات میں آزاد امیدواروں کی کامیابی کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو کسی بھی سیاسی جماعت سے زیادہ عوام نے آزاد امیدواروں کو کامیاب بناتے ہوئے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام جمہوری اعتبار سے اپنی طاقت کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے کسی کو بھی کامیاب بنا سکتے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے 14 مئیر ‘ 596 کارپوریٹرس‘70بلدی صدورنشین ‘ 922 بلدی کونسلرس ‘ 100 شہری صدورنشین اور 664 شہری کونسلرس کی نشستوں پر قبضہ کیا ہے جبکہ ا س کے برعکس اگر آزاد امیدواروں کی تعداد کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئے گی کہ میونسپل کارپوریشن میں 224 آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بلدی کونسل کے صدورنشین کے عہدوں پر 43 امیدواروں نے قبضہ جمایا ہے۔ بلدی کونسل کے کونسلر کی 3380نشستوں پر آزاد امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے اور شہری کونسل کے صدرنشین کے 182 عہدوں پر آزاد امیدوار کا میاب ہوئے ہیں اور کونسلرس کی 3875 نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اترپردیش ادارہ جات مقامی کے انتخابات کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ عوام نے مقامی امیدواروں کو ان کی مقبولیت کی بنیاد پر کامیاب بنایا ہے اور ان کی سیاسی جماعتوں کا اس میں کوئی خاص دخل نہیں ہے بلکہ یہ کہا جا رہا ہے کہ اترپردیش ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں دراصل کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ مقامی امیدواروں کی لہر چلی ہے اور آزاد امیدواروں نے بھاری کامیابی حاصل کی ہے جو کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ارکان سے زیادہ ہے۔ سماج وادی پارٹی کو میونسپل کارپوریشن میں 202 کارپوریٹر کی نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اوربلدی کونسل میں 45 صدرنشین اور 477کونسلرس کی نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اسی طرح شہری کونسل میں 83 صدورنشین و 453 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ بی ایس پی نے میونسپل کارپوریشن میں 2 مئیر کے عہدوں پر قبضہ کیا جبکہ 147 کارپوریٹر منتخب کروائے ہیں۔ میونسپل کونسل میں 29 صدورنشین کے عہدہ پر کامیابی حاصل کی اور 262 میونسپل کونسلرس کامیاب کروائے۔ اسی طرح شہری کونسل میں 45 صدورنشین کے عہدوں پرکامیابی حاصل کی اور 218شہری کونسلر س کے عہدوں پر قبضہ کیا۔کانگریس نے اترپردیش بلدی انتخابات میں میونسپل کارپوریشن میں 147کارپوریٹرس کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ میونسپل صدورنشین کی 9نشستوں پر کامیابی کو یقینی بنایا۔ میونسپل کونسلرس کی 158 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ریکارڈ بنایا۔ شہری کونسل میں کانگریس کے 17 صدورنشین کامیاب ہوئے جبکہ 126 شہری کونسلرس کی کامیابی ممکن ہو پائی۔ مجلس نے اترپردیش انتخابات میں 12کارپوریٹر منتخب کروائے جبکہ میونسپل کونسلرس 7 منتخب ہوپائے اسی طرح ایک شہری کونسل کے صدرنشین کے عہدہ پر مجلس کو کامیابی ملی اور 6 شہری کونسل کے ارکان کامیاب ہوئے۔ مجموعی اعتبار سے اگر جائزہ لیا جائے تو کسی میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کے 596 کارپوریٹر کے بعد دوسری بڑی تعداد آزاد امیدواروں کی ہے جو 224 کامیاب ہوئے اور میونسپل کونسلرس میں سب سے زیادہ آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جن کی تعداد 3380 ہے ۔ اسی طرح شہری کونسل میں بھی 182 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جو بی جے پی کے کامیاب امیدواروں سے 82 زیادہ ہیں۔ شہری کونسل میں آزاد امیدواروں نے سب سے بڑی کامیابی حاصل کی جن کی تعداد 3875 ہے ۔ بی جے پی 664 مقامات پر کامیاب رہی ۔ اس اعتبار سے سیاسی جماعتوں سے زیادہ آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔